گریز بانڈی پورہ شاہرہ پر برفانی تودے گرآئے ،مارچ کے آخر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان
سرینگر///موسم بہتر رہنے اور دن کے درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں مجموعی طور پر موسم مارچ کے آخر تک خشک رہے گا۔ ادھر بانڈی پورہ گریز روڑ اُس وقت بند ہوا جب اتوار کی صبح شاہراہ پر برفانی تودے گرآئے ۔وائس آف انڈیا کے مطابق ماہر موسمیات نے جموں و کشمیر میں مارچ کے آخر تک مجموعی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے حالانکہ اتوار کو بیشتر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ادھر وادی بھر میں رات کے درجہ حرارت میں کافی بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔ دریں اثناء بانڈی پورہ گریز میں اتوار کی صبح برفانی تودے گرآئے جس کی وجہ سے شاہراہ بند ہوئی ۔ برفانی تودوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 1اعشاریہ دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 1.6ڈگری رہا۔ اسی طرح پہلگام میںرات کا درجہ حرارت منفی 1.7ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کوکرناگ میں شبانہ درجہ حرارت 1.9ڈگری جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ رات منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.5 سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر وادی کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی دن اور رات کے درجہ حرارت میں بہتری آرہی ہے اور گزشتہ شب جموں میں 12.1ڈگری ریکارڈکیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثناء اتوا ر کے روز دن بھر مطلع صاف رہا البتہ سورج کبھی کبھی بادلوں کی اوٹ کے پیچھے چلا جاتا رہا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں موسم اگلے چند دنوں تک بہتر رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔










