کپواڑہ// وائس چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل کپواڑہ حاضی فاروق احمد میر اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے آج ضلع کپواڑہ کے کولیگام لولاب میں ایک لنک روڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔اِس موقعہ پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ لولاب ، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ، بی ڈی اوواوورا ، چیئرپرسن بی ڈی سی واوورا ، بی آر آئی اورلوگ موجود تھے۔لنک روڈ کی تعمیر نبارڈ سکیم کے تحت منظور شدہ ہے اور اِس پر 688.94لاکھ روپے کی لاگت آئے گی ۔ یہ سڑک قندھار، شلپورہ ، چی پورہ ، چانگڈی اہنگر محلہ او رکرالہ دب سمیت کئی دیہاتوں سے رابطے کی سہولیت فراہم کرے گی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپواڑہ ضلع بالخصوص لولاب سب ڈویژن میں گذشتہ کچھ برسوںکے دوران سڑکوں سے بہتر رابطہ ہوا ہے اور اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ ضلع کی مجموعی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔دریں اثنا، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی نے لولاب سب ڈویژن کی ترقی کی طرف توجہ دِینے پر ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر سڑکوں ، پانی کی فراہمی ، بجلی ، تعلیم ، ہیلتھ کیئر سمیت بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن سے ا،س دُور افتادہ علاقے کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔علاقے کے پی آر آئیز اور عام لوگوں نے سڑک رابطے کے اَپنے دیرینہ مطالبہ کو حل کرنے پر ضلعی اِنتظامیہ کا شکر یہ اَدا کیاہے۔










