ہمیں پُر امن جدوجہد کرتے ہوئے اپنے حقوق کی بحالی کیلئے پیش پیش رہنا چاہئے :فاروق عبداللہ
سرینگر / /جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس روز اول ست ہی ریاست کے تینوں خطوں کی سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ اسی جماعت نے 19ویں صدی کے ابتداء میں ہی شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی قیادت میں ظلم وجبر ،خصوصاً ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی تھی اور لوگوں کے بھر پور اشتراک وتعاون سے یہ جماعت آج بھی اسی مشن پر قائم ودائم ہے اور اسی جماعت نے شیر کشمیر پہلے وزیر اعظم کی قیادت میں آئینی اور جمہوری اداروں کی بنیاد ڈالی تھی ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹنگمرگ اور بڈگام میں الگ الگ تقریبات کے دوران وہاں موجود پارٹی کارکنوں اور معزز شہریوں سے تبادلہ کے دوران کیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بڈگام پہنچنے پر ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران اور سابق وزیر خزانہ ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر،سابق وزیر شیخ مصطفی کمال ضلع ،ضلع صدر بڈگام حاجی عبدالاحد ڈار، عمر عبداللہ کے سیاسی مشیر اور پارٹی کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق ،یوتھ صوبائی صدر و سابق مئیر سلمان علی ساگر بھی تھے ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جو موجودہ تباہ کن مشکلات ،اقتصادی اور معاشی بدحالی ،خوف ودہشت سے گذررہے ہیں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ریاست کا خصوصی درجہ واپس دلانے ’’جس کے لئے ہم اس وقت آئینی اوع جمہوری جنگ لڑ رہے ہیں کے لئے متحد رہیں اور تمام سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک جٹ ہو کر ریاست کی انفرادیت ،کشمیریت ،وحدت اور بھائی چارہ کی بحالی کے لئے پوری قوت سے کھڑا رہیں‘‘ ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ لوگوں کے ساتھ مل کر ان کے مشکلات کے ازالہ کے لئے پیش پیش رہیں ۔انہوں نے آج دہلی پارلیمنٹ سیشن شروع ہونے کے سلسلے میں جانے سے پہلے سرینگر کے ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی پر انہیں مبارکباد دی اور ان کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ حج قبول کرے اورانہیں دین پر چلنے کی توفیق عطا کرے ۔دریں اثناء پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ،میاں الطاف احمد نے بھی حجاج کرام کی واپیسی پر انہیں دل کی عمیق گہرائیوں سے ان کو کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے ہر دعا کو قبول فرمائے جو ان حجاج کرام نے مکہ اور مدینہ پاک میں مانگی ہیں ۔










