گلمرگ// مرکزی وزیر مملکت اَمورِ نوجوان و کھیل اور امور داخلہ نسیتھ پرمانک نے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کے چوتھے ایڈیشن کے حصہ کے طور پر آج گلمرگ کے کنگ ڈوری مرحلہ اوّل میں خواتین کے ماؤنٹین سکی ایونٹ کوہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔وزیرمملکت نے ایونٹ میں حصہ لینے والی خواتین سکیئرز کے جوش و جذبے اورصلاحیتوںکوسراہا اور اُن کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ وِنٹر گیمز کے لئے اَپنے شوق کو آگے بڑھائیں۔اُنہوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلوں سے بھی بات چیت کی۔ اُنہوں نے قومی ایونٹ کے کامیاب اِنعقاد پر اَپنے اطمینان کا اِظہار کیا اور جموں و کشمیر اِنتظامیہ،وزارتِ اَمورِ نوجوان و کھیل کود، جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کی کوششوں کی سراہناکی۔نیستھ پرمانک نے کہا کہ کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز ایک اہم ایونٹ تھا جس نے ملک میں سرمائی کھیلوں کے دارالخلافہ کے طور پر گلمرگ کی صلاحیت کو ظاہر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایونٹ کا اگلا ایڈیشن اس سے بھی بڑا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوگا۔ اُنہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی دینے اور نوجوانوں میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے میں مدد اور رہنمائی کے لئے شکریہ اَدا کیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز نہ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ ہے بلکہ ایک سنو فیسٹول بھی ہے جو گلمرگ اور جموں و کشمیر کی خوبصورتی اور ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ایونٹ نے خطے کی سیاحت اور معیشت کو فروغ دیا ہے اور ملک اور بیرون ملک سے سیاحوں کو اَپنی طرف راغب کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی دور اندیش قیادت میں جموں و کشمیر خوشحالی اور اَمن کے ایک نئے دور میں داخل ہوا ہے۔نسیتھ پرمانک نے اُمید ظاہر کی کہ کھیلو اِنڈیا وِنٹرگیمز زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سرمائی کھیلوں میں حصہ لینے اور ان میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولیات اور مدد فراہم کرنے اور ہندوستان کو سرمائی کھیلوں میں عالمی رہنمابنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










