جموں//جموں و کشمیر کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے ملی ٹنسی کی مالی معاونت کے ایک معاملے کے سلسلے میں جموں کی ایک عدالت میں اپنی چارج شیٹ پیش کی ہے، جس میں جنگجوئوں کے3 ساتھیوں کو پچھلے سال جموں کے سدھرا پل کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا،اوراُن کے قبضے سے43 لاکھ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔ یہ رقم پنجاب سے جنوبی کشمیر لے جائی جا رہی تھی۔جے کے این ایس کے مطابق یہ کیس گزشتہ سال جموں و کشمیر پولیس سے ایس آئی اے کو منتقل کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی، جموں نے گزشتہ روزیہاںایک عدالت میں ملی ٹنسی کی مالی معاونت کے معاملے میں چارج شیٹ پیش کی۔کیس کی تفصیلات کے مطابق نقدی کی ایک کھیپ پنجاب سے جنوبی کشمیر لے جائی جا رہی تھی ۔ذرئع نے بتایا کہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے گزشتہ سال17 نومبر کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر نگروٹا علاقے میں سدھرا پل پر ایک چیک پوسٹ قائم کی تھی اور ایک گاڑی کو روکا تھا۔گاڑی کے مسافروں سے ان کی نقل و حرکت کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی لیکن وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور گاڑی کی مکمل تلاشی لینے پر 43 لاکھ روپے نقدی سے بھرے2 بیگ برآمد ہوئے۔ملزمان سے مزید پوچھ گچھ سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ رقم پنجاب سے جنوبی کشمیر میں ممنوعہ تنظیم جیش محمد کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی اعانت کے لیے منتقل کی جا رہی تھی۔گرفتار ملزمان سرحد پار سے اپنے ہینڈلرز اور جنوبی کشمیر میں مقیم دہشت گردوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔










