Addiction Treatment Facility(ATF) inaugurated in Srinagar

نشہ مُکت بھارت ابھیان کے تحت سری نگر میں ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی کا بذریعہ ورچیول موڈ اِفتتاح کیا گیا

اے ٹی ایف مراکز معاشرے سے منشیات کے اِستعمال کی بدعت کو ختم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوں گے اور منشیات سے پاک ملک کے وزیر اعظم کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد کریں گے۔ڈاکٹر وریندر کمار

سری نگر//نشہ مُکت بھارت ابھیان کے تحت سری نگر میں نشے سے نجات کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لئے ایک ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی ( اے ٹی ایف ) سینٹر کا آج یہاں جے وِی سی سکمز میڈیکل کالج ہسپتال بمنہ میں اِفتتاح کیا گیا۔ مرکزی وزیر سوشل جسٹس اور امپاورمنٹ ڈاکٹر وریندر کمار نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد کی موجودگی میں ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی سینٹر کا اِفتتاح بذریعہ ورچیول موڈ کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ پروفیسر عرفان ربانی ، میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ ڈاکٹر شفادیوا ، ایس پی ہیڈ کوارٹر سری نگر عارف امین ، ایچ او ڈ سائیکاٹری اور نوڈل آفیسر اے ٹی ایف سکمز بمنہ پروفیسر عبدالمجید ، ڈپٹی نوڈل آفیسر ڈاکٹر نظام الدین اور اَفسران نے شرکت کی اور اِس موقعہ پر اے ٹی ایف سکمز میڈیکل کالج بمنہ کا عملہ بھی موجود تھا۔مرکزی وزیر سوشل جسٹس اور امپاورمنٹ وریندر کما رنے اے ٹی ایف کو عوام کے نام وقف کرنے کے بعد بذریعہ ورچیول موڈ اَپنے خطاب میں کہا کہ یہ اے ٹی ایف مراکز معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوں گے اور منشیات سے پاک ملک کے وزیر اعظم کے خواب کو پور ا کرنے میں مدد کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کی شرکت اِس مقصد میں اہم کردار اَدا کرے گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ قوم تب ہی خوشحال ہوگی جب وہ منشیات سے پاک ہوگی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس اے ٹی ایف کا مقصد منشیات کے اِستعمال کے متاثرین اور ان کے لئے مختص علاج کی سہولیات کے درمیان فاصلہ کم کرنا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اے ٹی ایف کے عملے کے ساتھ استفساری گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ اس کام کو ایک عظیم کام کے طور پر لیں اور متاثرہ اَفراد کے ساتھ صبر اور لگن سے پیش آئیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ معاشرے سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اس بڑھتے ہوئے معاشرتی مسئلے سے نمٹنے کے لئے کثیر الجہتی بحالی ، مشاورت اور رہنمائی کی پالیسی کو زمینی سطح پر عملایا جارہا ہے تاکہ منشیات کے اِستعمال پر نظر رکھی جاسکے اور اس بدعت کو روکنے کے لئے تدارکاتی اقدامات کئے جاسکیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے نوجوانوں میں اِس بدعت پر قابوپانے کے لئے والدین سے تعاون بھی طلب کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے اِستعمال سے دُور رکھنے میں والدین کا اہم کردار ہے اور متاثرہ اَفراد کے لئے فیملی سپورٹ بھی انہیں معمول کی زندگی کی طرف لے جاسکتا ہے۔