لوگوں نے ضروری اشیائے کی خریداری کی ، سوموار سے اسکول بھی کھلنے کا امکان
سرینگر / /نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد خطہ چناب کے بھدرواہ علاقے میں جاری کشیدگی کے بیچ سنیچروار کی صبح کرفیو میں 7 بجے سے کرفیو میں 12 گھنٹوں کی ڈھیل دی گئی جبکہ سوموار سے تعلیمی ادارے بھی کھولنے کا امکان ہے ۔ حکام کے مطابق ڈھیل کے دوران کسی بھی جگہ سے کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیںآیا جبکہ حالات قابو میں رہے ۔ سی این آئی کے مطابق پیغمبر آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد خطہ چناب کے بھدرواہ علاقے میں مسلسل نو دنوں تک کرفیو سے جہاں معمول کی زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ۔ حکام کے مطابق سنیچروار کی صبح بھدوارہ علاقے میں قریب 12گھنٹوں تک کرفیو میں ڈھیل دی گئی اور اس وقت کے دوران کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیںآیا ۔انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس اور سول افسران امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔کرفیو میں نرمی کے اعلان کے ساتھ شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ لوگ دودھ، روٹی اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے۔بھدرواہ میں پہلے کرفیو میں 15 جون کو دو گھنٹے کے لیے نرمی کی گئی، اس کے بعد 16 جون کو دو مرحلوں میں پانچ گھنٹے اور 17 جون کو چار گھنٹے کے لیے کرفیو میں نرمی کی گئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ حالات میں بہتری ہونے کے ساتھ ہی سوموار سے اسکولوں میں بھی درس و تدریس کا عمل دوبارہ بحال ہو جائے گا ۔










