پہلگام//ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب نے آج پہلگام کا دورہ کیا۔اُنہوں نے سرمائی سیاحت اورنئے سال کی تقریبات کے لئے محکمہ اور شراکت داروں کی طرف سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ناظم سیاحت کشمیر نے مقامی ہوٹل مالکان کی انجمنوں ، دیگر شراکت داروں او رلائن ڈیپارٹمنٹوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگوں کے سلسلے میں کہا کہ محکمہ نے اِس برس وِنٹر کار نیول کو مختلف اَنداز میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پہلگام کی قدرتی خوبصورتی کو فلم شوٹنگ کی ایک بڑی منزل کے طورپر پیش کیا جاسکے اور اِس کو فروغ دیا جاسکے ۔اُنہوں نے کہا کہ پہلگام ایک بڑے سرمائی سیاحتی مقام کے طورپر تیزی سے اُبھر رہا ہے اور محکمہ سرمائی سیاحت کے لئے اسے سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے پہلگام میں موسم سرما کو متحرک بنانے کے لئے محکمہ فیلڈ اہلکاروں سے تیاریوں کی تفصیلات طلب کیں اور سیاحوں کی دِلچسپی پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے مزید مہم جو سرگرمیوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی۔ناظم سیاحت کشمیر نے پہلگام کے ہوٹل مالکان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اِس برس منزل کو مزید متحرک بنانے کے لئے ان سے تجاویز طلب کیں ۔ مقامی ہوٹل والوں کے نمائندوں نے اُنہیں بتایا کہ وہ اَپنی طرف سے روشنیوں ، ثقافتی اجزأ اور سیاحوں کی دِلچسپی کے لئے اِس طرح کے دیگر پُر کشش مقامات کا اِنعقاد کریں گے۔واضح رہے کہ محکمہ سیاحت نے 31؍ دسمبر کو نئے سال کی شام کو منانے او رپہلگام کو سرمائی منزل کے طورپر فروغ دینے کے لئے ایک تقریب کا منصوبہ بنایا ہے۔فضل الحسیب نے لائن ڈیپارٹمنٹوں کے ساتھ ایک الگ میٹنگ میں ان پر زور دیا کہ وہ ایونٹ اور سیزن کو کامیاب بنانے کے لئے ایک دوسرے کی کوششوں کو ہم آہنگ کریں تاکہ سردیوں کے دوران سیاحوں کی منزل کی طرف آمد میں مزید اِضافہ ہو۔ اُنہوں نے شراکت داروں اور لائن ڈیپارٹمنٹوں کے درمیان بہتر تال میل پر بھی زوردیا تاکہ منزل کو متحرک بنایا جا سکے۔میٹنگ میں سی اِی او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی سجاد احمد قادری، جواہر انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹین نیرنگ کے نمائندے، محکمہ سیاحت کے سینئر افسران، لائن ڈپارٹمنٹوں اور مقامی انتظامیہ کے اَفسران موجود تھے۔










