ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت جاری کی
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کرنے کیلئے اکھنور میں گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کا اچانک دورہ کیا ۔ متعلقہ عہدیداروں نے آیورویدک میڈیکل کالج میں بوائیز ہوسٹل اور گرلز ہوسٹل سمیت منظور شدہ کاموں کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ بوائیز ہوسٹل کیلئے 6.39 کروڑ روپے ، گرلز ہوسٹل کیلئے 6.50 کروڑ روپے اور نرسنگ کالج میں ایک اضافی نئے بلاک کیلئے 2.64 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تمام کام 10 سے 12 ماہ کی مدت کے اندر مکمل ہو جائیں گے ۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کے معیار کا معائینہ کیا اور عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام پر عملدرآمد میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں ۔










