اِظہار تعزیت،مہاراشٹرامیں مقیم جموں و کشمیر کے باشندوںکی سلامتی پر تبادلہ خیال
سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ جموں و کشمیرسریندر کمار چودھری نے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں مہاراشٹرا کے شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دُکھ اور رنج و غم کا اِظہار کیا ۔نائب وزیراعلیٰ جموں و کشمیر نے مہاراشٹرا میں مقیم کشمیریوںکی سلامتی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جس پر ایکناتھ شندے نے مکمل تعاون کا یقین دِلایا اور کہا کہ حکومت ایک مخصوص ہیلپ لائن نمبر اور ایک نوڈل آفیسر تعینات کرے گی تاکہ ضرورت مند اَفراد کی مدد کی جا سکے۔سریندرکمار چودھری نے کہا کہ اِس بُزدِلانہ حملے میں بے گناہ شہریوں کو وحشیانہ طور پر نشانہ بنانا اِنتہائی قابل مذمت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ معصوم سیاحوں کو نشانہ بنانا اِنتہائی قابل مذمت اور تکلیف دہ ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے بُزدِلانہ دہشت گرد انہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے اِظہارِ تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے بھی اِظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس قسم کے بُزدِلانہ اور ٹارگٹ حملے اِنسانیت پر دھبہ ہیں۔










