نئی تعمیر شدہ ہسپتال کی عمارت کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائینہ کیا
سری نگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ سری نگر کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔ اِس دورے کا مقصد اہم بنیادی ڈھانچے کے کلیدی کاموں کا جائزہ لینا اور صحت عامہ کی خدمات کو بڑھانے کے لئے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔نائب وزیر اعلیٰ نے نئی تعمیر شدہ ہسپتال کی عمارت کا معائینہ کیا اور جدید طبی سہولیات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عوام کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور معیار اور کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جلد مکمل کریں۔نائب وزیراعلیٰ نے علاقے کے حکام اور مقامی رہائشیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں رائے طلب کی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے شعبہ آرتھوپیڈکس کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر الطاف احمد کاؤوسہ نے نائب وزیر اعلیٰ کو بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ سری نگر کی نئی عمارت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو اعلیٰ معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کو جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ کرنے اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ بعد ازاں، چیف اِنجینئر کشمیرمحکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) نے مختلف جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جن میں کانونٹ پل، راج باغ سری نگر نیوبرج، پارم پور ۔ شالہ ٹینگ فلائی اوور اور چلڈرن ہسپتال بمنہ سری نگر کے قریب فٹ اوور برج، پیدل چلنے والوں کے حفاظتی اقدامات، بلیوارڈ روڈ کی توسیع اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔اَپنے دورے کے دوران سریند ر کمار چودھری نے نئے کانونٹ سکول برج کا بھی جائزہ لیا جہاں اُنہوں نے عوامی اور سیاحتی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے تمام اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔نائب وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز خانصاحب سیف الدین بٹ، صوبائی کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر ایس ایم سی اورسی ای او سری نگر سمارٹ سٹی، وائس چیئرمین ایس ڈی اے، وائس چیئرمین جے کے ایل سی ایم اے، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سینٹرل کشمیر، پرنسپل جی ایم سی سری نگر، بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کا طبی عملہ، ضلعی اورسیکٹورل افسران بھی تھے۔










