نائب وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میں پنچایت بھوانی ۔اے میں عوامی رَسائی کیمپ کا اِنعقاد کیا

نائب وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میں پنچایت بھوانی ۔اے میں عوامی رَسائی کیمپ کا اِنعقاد کیا

راجوری// نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے آج نوشہرہ کے پنچایت بھوانی۔اے میں عوامی رسائی کیمپ اِنعقاد کیااوراُنہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور ان کے مسائل کے بروقت اَزالے کا یقین دِلایا۔کیمپ کے دوران مقامی لوگوں نے متعدد اہم مطالبات اُٹھائے جن میں اضافی سرحدی بنکروں کی تعمیر، ہینڈ پمپوں کی تنصیب، ایکو پارک کا قیام اور جے کے بینک برانچ کے ساتھ اے ٹی ایم سہولیت کا قیام شامل تھا۔مقامی باشندوںنے نائب تحصیل دفتر بھوانی میں عملے کی شدید کمی، اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے تحت بھوانی سے قلعہ درہال سڑک پر زمین کے حصول کے معاوضے کا مسئلہ بھی اُٹھایا۔اُنہوں نے بھوانی سے شالاکھ سڑک کی تکمیل اور پردھان منتری آواس یوجنا۔گرامین (پی ایم اے وائی۔ جی) کے تحت تمام اِستفادہ کنندگان کو شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔متعلقہ علاقے کے باشندگان نے دیگر مسائل میں پانی کی قلت، زیادہ بجلی کے بل، اور بھوانی میں ریسیونگ سٹیشن جیسے مسائل کو نائب وزیراعلیٰ کو گوش گزار کئے۔ کمیونٹی نے ہائیر سیکنڈری سکول بھوانی میں عملے کی کمی کا فوری حل بھی طلب کیا۔نائب وزیراعلیٰ نے موقعے پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر کو بھوانی سے شالاکھ سڑک پر کام کی رفتار میں سرعت لانے اور بی ڈِی او کو پی ایم اے وائی ۔ جی کے تحت تمام اہل کنبوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اسسٹنٹ لیبر کمشنر (اے ایل سی) کو لیبر کارڈ جاری کرنے اور محکمہ لیبر کی فلاحی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے پنچایت بھوانی۔اے میں ایک خصوصی کیمپ کا اِنعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی۔نائب وزیراعلیٰ نے بجلی بلوں سے متعلق شکایات پر سنجیدگی کا اِظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی کو فوری اِصلاحی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہائیر سیکنڈری سکول بھوانی میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لئے عملے کی تعیناتی کا ازسرنو جائزہ لیں۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) کے تحت بھوانی۔اے میں 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پنچایت گھر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اُنہوں نے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد انہ حملے میں جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ۔اِس عوامی رسائی کیمپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پرتیم لال تھاپا، پی او آئی سی ڈی ایس فرید کوہلی، ڈی ایس ایچ او پی پی سگوترا، اے سی پی شیراز چوہان، ڈی ایس ڈبلیو او عبدالرحیم، سی ای او ایجوکیشن اِقبال حسین، سی ایم او ڈاکٹر منوہر رانا، اے ایل سی پردیوت گپتا، اے ڈِی ایف سی ایس اینڈ سی اے روہت کمار، ایگزین آر اِی ڈبلیوظہیر خان، ایگزین پی ڈبلیو ڈِی ( آر اینڈ بی )راجوری سردار خان اور ایگزین پی ڈِی ڈِی راجوری محمد رشید نے بھی شرکت کی۔