نئی دہلی میں کشمیرکی صورتحال کامکمل احاطہ،2ہفتوں میں دوسری میٹنگ

نئی دہلی میں کشمیرکی صورتحال کامکمل احاطہ،2ہفتوں میں دوسری میٹنگ

مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی زیرصدارت طویل اوراہم ترین میٹنگ میں ٹارگٹ کلنگ کی روکتھام کیلئے حکمت عملی طے

سری نگر//3 دنوںمیں 2غیر مقامی ملازمین اورایک غیرمقامی مزدور کی ٹارگٹ کلنگ ’ہدفی ہلاکتوں‘کے واقعات سے پیداشدہ صورتحال کااحاطہ کرنے کیلئے جمعرات کوقومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اورRAWکے سربراہ سمانتھ گوئل کیساتھ ہنگامی میٹنگ کے بعدمرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے جمعہ کواپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ،جس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، آرمی چیف منوج پانڈے، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا، جموں و کشمیر اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ حکام بھی موموجودتھے ۔تقریباً2گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روکتھام کیلئے سیکورٹی گرڈ کومزید مضبوط اوراطلاعاتی ومعلوماتی نیٹ ورک کوفعال بنانے کیساتھ ساتھ پیشگی اضافی نیم فوجی دستوں کوکشمیر بھیجنے کافیصلہ لیاگیا۔جموںوکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکی جانب سے تازہ صورتحال کے بارے میں مفصل بریفنگ دینے کے بعدمرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے ملی ٹنسی کامکمل خاتمہ کرنے کیلئے ملی ٹنٹ مخالف کارروائیوںمیں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو جموں اور کشمیر پر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے تناظر میں ایک اعلی سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی۔نارتھ بلاک میں میٹنگ سہ پہرتقریباً3 بجے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، آرمی چیف منوج پانڈے، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا، جموں و کشمیر اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں شروع ہوئی۔سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ اور بارڈر سیکورٹی فورس کے سربراہ پنکج سنگھ، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ سمیت دیگر اہم عہدیدار میٹنگ کا حصہ تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال اور ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔یہ دوسری اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ ہے جومرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر پر15دنوںمیں بلئی۔17 مئی کو انہوں نے نئی دہلی میں کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔بتایاجاتاہے کہ وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر حکومت کو پولیس اسٹیشنوں اور پولیس چوکیوں پر پولیس اہلکاروں کی موجودگی کو بڑھانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ملی ٹنٹوں پر نگرانی برقرار رکھنے کیلئے تلاشی کارروائیاں اور موثر گشت کریں۔وزارت داخلہ نے عسکریت پسندی سے لڑنے میں پولیس اسٹیشنوں اور پولیس چوکیوں کے جارحانہ کردار پر زور دیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امت شاہ کی زیرصدارت میٹنگ تقریباً2گھنٹے تک جاری رہی ۔ وادی کشمیر میں ملی ٹنسی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے کچھ اور فیصلوں سے بھی جموں و کشمیر انتظامیہ اور پولیس کو آگاہ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیرداخلہ نے یہ میٹنگ اس لیے بلائی تھی کہ مئی کے مہینے میں 3 عام شہری اور2 سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے جن میں کشمیری پنڈت ملازم بھی شامل تھاجبکہ گزشتہ تین دنوںمیں 2غیر مقامی ملازمین اورایک غیرمقامی مزدور کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں ۔مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے ملی ٹنسی کامکمل خاتمہ کرنے کیلئے ملی ٹنٹ مخالف کارروائیوںمیں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں امن وامان کی صورتحال کوبگاڑنے والی قوتوںکوسخت جواب دینے کی ضرورت ہے ،اوراس مقصد کیلئے سیکورٹی گرڈ کیساتھ ساتھ معلوماتی واطلاعاتی نیٹ ورک کومزیدمضبوط اورفعال بنانے کی فوری ضرورت بھی ہے ۔امت شاہ نے ہدایت دی کہ کشمیرمیں ملی ٹنٹوں اورانکے حامیوں کاقلع قمع کرنے کیلئے جموں وکشمیر پولیس اوردیگر سیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ ساتھ ریاستی وسینٹرل خفیہ ایجنسیوں کوباہمی تال میل اورآپسی روابط مزید بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہئے ۔تین روزقبل کولگام ضلع میں تعینات سانبہ جموںکی ایک36 سالہ ٹیچر رجنی بالا کو مشتبہ جنگجوئوںنے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھاجبکہ جمعرات کو مشتبہ ملی ٹنٹوںنے کولگام کے موہن پورہ علاقہ میں قائم علاقائی دیہاتی بینک کے منیجر وجے کمار ساکنہ راجستھان کوپستول بردار نے صبح کے وقت بینک کے اندر ہلاک کردیا اورشام کے وقت مشتبہ ملی ٹنٹوںنے ضلع بڈگام کے ماگرے پورہ چاڈورہ علاقے میں ایک اور تازہ حملے میں ایک غیرریاستی مزدور کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا۔