نوجوانوں کی مصروفیت مشن یوتھ کی ترجیح ، انہیں بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس کوششیں کی جا رہی ہیں
کولگام//ضلع انتظامیہ کولگام نے مشن یوتھ کے اشتراک سے آج منی سیکرٹریٹ کولگام کے وسیع و عریض لان میں ایک میگا یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا ۔ اس تقریب میں ضلع بھر سے نوجوانوں اور یوتھ کلبوں کے اراکین ، طلباء ، سول سوسائٹی کے اراکین ، ملازمین کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی ۔ سی ای او مشن یوتھ شاہد اقبال چودھری جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ، نے کولگام ضلع انتظامیہ کی طرف سے نوجوانوں کو مختلف سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیاحتی مقامات کو فروغ دینے اور ضلع کے ثقافتی ورثے کی نمائش کیلئے انتظامیہ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ کولگام کے نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ضلع میں نوجوانوں کی مصروفیت بہت زیادہ ہے ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کولگام کے چئیر پرسن محمد افضل پرے نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور سماجی برائیوں بشمول منشیات کی لعنت پر تشویش کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کولگام نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا اور پروگرام میں ان کی پرجوش شرکت پر اظہار تشکر کیا ۔










