ایسی کوششیں سماجی ہم آہنگی اور برابری کی بنیادی قدروں کیلئے سنگین خطرہ / تنویر صادق
سرینگر / سی این آئی // میرٹ پر مبنی اداروں کو مذہبی تقسیم کے مراکز میں تبدیل نہ کیا جائے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ایسی کوششیں سماجی ہم آہنگی اور برابری کی بنیادی قدروں کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے عوامی اداروں کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوششیں سماجی ہم آہنگی اور برابری کی بنیادی قدروں کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب ہسپتالوں، اسکولوں، یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجوں پر مذہب کی بنیاد پر فیصلے کرنے کا دباؤ بڑھتا ہے تو یہ ملک کی سمت و رفتار کے بارے میں سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، علاج اور مواقع تک رسائی ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہنی چاہیے۔شری وشنو دیوی میڈیکل کالج کے داخلہ معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے تنویر نے کہا کہ اس ادارے نے مکمل شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل اپنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی درگاہ یا مذہبی مقام کی مالی معاونت کسی تعلیمی ادارے کو مذہبی بنیادوں پر قائم ادارہ نہیں بنا دیتی۔ تنویر صادق نے زور دے کر کہا کہ صحت اور تعلیم کے ادارے دیانت، مساوات اور میرٹ کے مراکز ہوتے ہیں، نہ کہ فرقہ وارانہ سیاست کے اکھاڑے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی تقسیم پسندانہ روش سماجی ڈھانچے کو طویل مدتی نقصان پہنچا سکتی ہے جس کی تلافی آسان نہیں ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صحت اور تعلیم کو فرقہ وارانہ بنانا نہ صرف نقصان دہ ہے بلکہ قوم کے حال اور مستقبل،دونوں کے لئے خطرناک ہے۔ تنویر نے تمام متعلقین سے اپیل کی کہ وہ ایسی روش ترک کریں اس سے پہلے کہ یہ رویہ ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن جائے۔










