Nayeem Ul Haq

میدانی علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش،کچھ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری

6اپریل تک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کاامکان

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیر میں جمعہ کورات دیر گئے سے بارشوں اور برف باری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔اس دوران میدانی علاقوںمیں ہلکی سے تیز بارشیں ہوئیں جبکہ گریز اور گلمرگ سمیت کئی بالائی علاقوںمیں تازہ ہلکی برف باری بھی ہوئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرسمیت کشمیروادی کے تقریباً سبھی اضلاع میں جمعہ کو شام اور رات دیرگئے سے بارشوںکاتازہ سلسلہ شروع ہوا،اوررات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی ۔سحری کھانے کے بعد نزدیکی مساجد میں نماز فجر اداکرنے کیلئے جانے والے نمازیوں نے بتایاکہ سحری کے وقت بھی بارش ہورہی تھی ۔انہوںنے بتایاکہ وہ برستی بارش میں ہی نمازفجر ادا کرنے کیلئے مساجد میں گئے اور جب وہ واپس گھروںکولوٹے ،تواسوقت بھی بارش ہورہی تھی ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جمعہ کورات دیر گئے سے ہفتہ کی صبح ساڑھے8بجے تک پورے جموں وکشمیر میں کہیں ہلکی توکہیں تیز بارشیں ہوتی رہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ اس دوران گلمرگ اور گریز سمیت کئی بالائی مقامات پر تازہ مگرہلکی ف باری بھی ہوئی ۔متعلقہ محکمے نے بتایاکہ ہفتہ کی صبح گہرے بادل چھائے رہنے کے بعدہلکی بارشوںکاسلسلہ پھر شروع ہوگیا اور دن کو بعددوپہر سری نگر سمیت شمال وجنوب کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں کچھ وقت یاتقریباً ایک گھنٹے کیلئے درمیانی اورتیز بارشیں ہوتی رہیں ۔انہوںنے بتایاکہ اس دوران کچھ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ۔میدانی علاقوںمیں تازہ بارشوںکی وجہ سے معمول کی عوامی نقل وحمل اور کاروباری سرگرمیاں اثرانداز ہوئیں ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے موسمیاتی تغیر وتبدل سے متعلق تازہ ایڈوائزری میں کہاکہ ہفتہ کوزیادہ تر مقامات پر بارش اور اونچائی پر ہلکی برفباری ہو رہی ہے۔متعلقہ محکمے نے بتایاکہ ہفتہ کوجموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور اونچائی والے علاقوں میں برفباری کے جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ 2اپریل کومطلع جزوی طور پر عام طور پر ابر آلودرہنے کے بیچ بکھرے ہوئے مقامات پر شام تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ۔محکمہ نے مزید جانکاری دی کہ 3سے6اپریل تک جموں وکشمیرمیں کئی مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے زمینداروں اور باغات مالکان کوپھریہ مشورہ دیاہے کہ وہ 6اپریل تک میوہ دار درختوں پر کیڑے مار ادویات کاچھڑکائو اوردواپاشی ملتوی کریں۔