جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا کہ مڑھ حلقہ میں جل جیون مشن کے تحت 20 واٹر سپلائی سکیمیں (ڈبلیو ایس ایس) 61.06 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے شروع کی گئی ہیں۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی سریندر کمار کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 61.06 کروڑ روپے میں سے اَب تک 19.65 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ان سکیموں میں استعمال ہونے والے پائپوں کی خریداری پر 14.15 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں جن میں سے 12.79 کروڑ روپے کے پائپ سکیموں میں نصب کئے جا چکے ہیںجبکہ باقی سینٹرل سٹوروں میں موجود ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ اِن اسکیموں میں جی آئی اور ہائی ڈینسٹی پولی تھیلین (ایچ ڈِی پی اِی) پائپوں کا اِستعمال تکنیکی ضروریات اور سی پی آئی آئی اِی اِی او مینوئل کے مطابق کیا جا رہا ہے۔نیشنل جل جیون مشن (این جے جے ایم) کی ہدایت کے مطابق ایچ ڈِی پی اِی پائپوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ یو ٹی انتظامیہ میدانی علاقوں میں بھی ایچ ڈِی پی اِی پائپوں کے استعمال کی مخالفت کرتی رہی ہے جبکہ اس کے خلاف کوئی ٹھوس تکنیکی دلیل پیش نہیں کی گئی۔ اِس طرح کی لاگت سے مؤثر پائپوں کا اِستعمال کرنا ضروری ہے جو اِس وقت ملک کی کئی ریاستوں میں اِستعمال ہوتے ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ چک دینہ دھتریال، مکوال ملکے چک، گندو چک، ناگبانی اور چک ڈالی اولڈ میں کام جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ چار ٹیوب ویل مکمل ہو چکے ہیں جبکہ پانچویں پر کام جاری ہے۔اِس موقعہ پرارکان قانون ساز اَروند گپتا اور چندر پرکاش گنگا نے بھی اس معاملے پر ضمنی سوالات اُٹھائے۔










