ٹارگٹ کلنگ:کشمیرمیں گزشتہ ماہ کے اوائل سے ابتک غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کی تیسری واردات
کولگام//گزشتہ ماہ کے اوائل سے ابتک غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کی تیسری واردات میں مشتبہ ملی ٹنٹوںنے جنوبی ضلع کولگام کے آرہ موہن پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک بینک منیجر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔خیال اسی طرح کے ایک واقعے میں12مئی کومشتبہ ملی ٹنٹوںنے چاڈورہ بڈگام میں کشمیری پنڈت راہول بھٹ نامی ایک سرکاری ملازم کوبی ڈی ائودفتر میں اور31مئی کوگوپال پورہ کولگام میں قائم ایک ہائی اسکول میں تعینات سانبہ کی رہنے والی ایک36سالہ خاتون اُستانی رجنی بالازوجہ راج کمار کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ کے اوائل سے ابتک ٹارگٹ کلنگ یا ایسی نویں واردات ہے جبکہ یہ کسی غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کا تیسرا واقعہ ہے ۔ یادرہے بدھ کی شام ضلع شوپیاں کے چڈ رن کیگام علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے فاروق احمد نامی ایک شخص کو گولیاں مار کر زخمی کر دیاتھا۔ذرائع کے مطابق علاقائی دیہاتی بینک کی شاخ آرہ موہن پورہ کولگام کے بینک منیجر وجے کمارساکنہ اجستھان کو جمعرات کی صبح مشتبہ ملی ٹنٹ نے بینک کے اندرداخل ہوکر گولیاںمارکرشدیدزخمی کردیا۔خون میں لت پت جواں سال غیرریاستی بینک منیجرکو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ضلع اسپتال کولگام منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا ۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے کہ ایک نقاب پوش نوجوان دومرتبہ بینک میں داخل ہوتاہے ،اوردوسری مرتبہ داخل ہوتے ہی وہ پستول نکال کربینک منیجر پرگولیاں چلاتاہے،اورحملہ آور گولیاں برسانے کے بعدوہاں سے فرارہوجاتاہے۔تاہم ابھی تک پولیس نے اس سی سی ٹی وی فوٹیج کی حقانیت سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔کشمیرزون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر واقعے کی مناسبت سے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ آرہ موہن پورہ کولگام میں دہشت گردوںنے یہاں قائم علاقائی دیہاتی بینک کے منیجر پر گولیاں چلائیں ،جسکے نتیجے میں راجستھان کے ہنومان گڑھ کارہنے والا مذکورہ منیجر شدیدزخمی ہوگیا۔اسکے بعدایک اورٹویٹ میں کشمیرزون پولیس نے بتایاکہ بینک ملازم وجے کمار اسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔بتایاجاتاہے کہ مقتول بینک منیجر وجے کمار ولد اوم پرکاش ساکنہ بدھری ہنومان گڑھ راجستھان کی گزشتہ ماہ شادی ہوئی تھی،اور وہ اس وقت اپنی بیوی کے ساتھ قاضی گنڈ علاقہ میں مقیم تھا۔کشمیر زون پولیس نے مزید کہاکہ آرہ موہن پورہ کولگام میں ٹارگٹ کلنگ کاواقعہ رونما ہونے کے بعدسیکورٹی فورسزنے پورے علاقے کومحاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی ہے ۔خیال رہے یہ گزشتہ ماہ کے اوائل سے ابتک کسی غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کا تیسرا واقعہ ہے جبکہ مئی کے مہینے سے ابتک یہ کشمیر میںنواں ٹارگٹ کلنگ کاواقعہ ہے کیونکہ بدھ کی شام مشتبہ جنگجوئوںنے شوپیان کے چڈرن علاقہ میں ایک شہری کوگولیوںکانشانہ بناکر زخمی کردیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ رواں ماہ کے اوائل سے ابتک جنگجوئوںنے8نہتے افراد بشمول3 پولیس اہلکاروںکوگولیوں کونشانہ بناکر جاں بحق کردیا۔دیگر مہلوکین میں پنڈت سرکاری ملازم راہول بھٹ کوچاڈورہ بی ڈی ائو دفتر ،حشرئو چاڈورہ میں خاتون آرٹسٹ امبرین بھٹ کوگھر کے اندر ،سانبہ کی رہنے والی ایک36سالہ خاتون اُستانی رجنی بالازوجہ راج کمارکواسکول احاطے میںاوردیوان باغ بارہمولہ میں ایک شراب دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں راجوری کا ایک دکان ملازم شامل ہے ۔غورطلب ہے کہ پولیس حکام نے بارہمولہ گرینیڈ حملے کے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کادعویٰ کرنے کیساتھ ساتھ یہ بھی کہاکہ خاتون فنکارہ امبرین اورپولیس اہلکارریاض احمد کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹنٹوںکوالگ الگ جھڑپوںمیں ہلاک کردیاگیا۔










