نئی دہلی: دہلی والوں کے لئے جمعرات کی صبح خوشگوار موسم کے ساتھ شروع ہوئی اور قومی راجدھانی کے کچھ حصوں کو دھند کی چادر نے لپیٹ لیا۔ بدھ کو ہونے والی بارش کے بعد شہر کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور مئی کے مہینے میں سردی کی شدت دیکھنے میں آئی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ایک نئی ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے جمعہ سے دوبارہ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے اپریل کے مہینے میں 20 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، جو 2017 کے بعد اس مہینے میں سب سے زیادہ ہے۔ ساتھ ہی محکمہ نے کہا کہ مئی کی شروعات اچھی رہی۔ محکمہ کے مطابق پیر کو شہر میں 14.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قومی راجدھانی کے بنیادی موسمی مرکز ’صفدرجنگ آبزرویٹری‘ نے مسلسل مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر وقفے وقفے سے بارش اور ابر آلود آسمان کی وجہ سے پچھلے تین دنوں سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم از کم 10ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا ہے۔ دہلی میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.7ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور پیر کو یہ گر کر 26.2ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا، جس سے یہ 13 سالوں میں مہینے کا دوسرا سرد ترین دن ہے۔ منگل کو شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.3ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی کے ایک اہلکار نے کہا کہ 5مئی سے ایک اور مغربی ڈسٹربنس شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔ اس کے اثر سے دارالحکومت میں 7 مئی تک آسمان ابر آلود رہ سکتا ہے اور وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق 9 مئی تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، مئی دہلی میں گرم ترین مہینہ ہوتا ہے۔ اس مہینے میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سیلسیس رہتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مئی کے مہینے میں شمال مغربی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا اور گرمی کی لہر کے دنوں کی تعداد میں کمی آئے گی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ اتوار کو شہر کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے 10 ڈگری کم ہے۔ یہ 4 اپریل 2015 کے بعد اپریل کے مہینے میں سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ دہلی میں 4 اپریل 2015 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔










