کم درجہ حرارت، گھنی دھند اور خراب موسمی حالات سے نمٹنے کیلئے ریلوے حکام متحرک
سرینگر / / این این بی // موسم سرما کے دوران ٹرینوں کی محفوظ، بروقت اور بلا تعطل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے شمالی ریلوئے کے جموں ڈویژن نے جموں۔کٹھوعہ ریلوے سیکشن پر خصوصی سرمائی گشت کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سردیوں میں انتہائی کم درجہ حرارت، گھنی دھند اور خراب موسمی حالات کے باعث پیدا ہونے والے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنا اور ریلوے نظام کی حفاظت کو مزید مستحکم بنانا ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق موسم سرما میں ٹرینوں کی محفوظ اور بلا تعطل نقل و حرکت کیلئے جموںکٹھوعہ ریلوے سیکشن پر خصوصی گشت شروع کردی ہے ۔ جموں ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ موسم سرما کے پیش نظر ریلوے ٹریکس اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کے لیے خصوصی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ رکاوٹ یا خطرے کی بروقت نشاندہی کرکے ٹرینوں کی آمدورفت کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی مہم کے تحت ریلوئے کی مخصوص ٹیمیں مقررہ وقفوں پر پٹریوں کا معائنہ اور گشت کریں گی۔ اس دوران خاص طور پر حساس مقامات، ریلوے جوڑوں، پوائنٹس اور لیول کراسنگز پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی، کیونکہ سردیوں میں موسمی حالات کے باعث ان مقامات پر حفاظتی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ترجمان کے مطابق خصوصی گشتی ٹیمیں رات اور صبح کے اوقات میں بھی پوری طرح چوکس رہیں گی، تاکہ ریلوئے ٹریک پر کسی قسم کی رکاوٹ، خرابی یا ممکنہ حفاظتی خطرے کا فوری طور پر پتہ لگایا جا سکے۔ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے گی، تاکہ فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ٹرینوں کی محفوظ نقل و حرکت برقرار رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے موسم سرما کے دوران ریلوئے انفراسٹرکچر کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی اور مسافروں کو محفوظ اور قابل اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔دریں اثنا، جموں ڈویژن نے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت، ٹکٹ کاو ¿نٹروں پر بھیڑ میں کمی اور ٹکٹوں کی خریداری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل اور کیش لیس ٹکٹنگ سہولیات کو بھی فروغ دینا شروع کیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے خصوصی کاو ¿نٹر قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مسافروں کو ڈیجیٹل ذرائع سے ٹکٹ حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے باقاعدہ بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مسافروں کو RailOne ایپ کے ذریعے ٹکٹ بک کرنے کی سہولت اور طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق جموں توی، ماتا ویشنو دیوی کٹرا، پٹھان کوٹ کینٹ، شہید کیپٹن تشار مہاجن (ادھم پور) اور سرینگر سمیت اہم ریلوے اسٹیشنوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔










