سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میںگزشتہ شب ہوئی موسلادار بارشوں کے بیچ امرناتھ گھپا اور پیر کی گلی کے مقام پر رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ اسی دوران وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں سردی کی لہر نے دستک دی ۔ ادھر بارشوں کے بیچ جنوبی ضلع کولگام کے مضافات میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب گزشتہ شام آسمانی بجلی گرنے سے ہائی ٹیک گرین ہاوس کو نقصان پہنچ گیا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوںمیں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارش ہونی کی پیشگوئی کی ہے۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں سنیچروار کی شام دیر گئے موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی اور آسمان پر بادل چھا گئے ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی آسمان ابر آلود ہونے کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور موسلاد ار بارشیں رات دیر گئی تک جاری رہی ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع می بھی جم کر بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میںکمی ریکارڈ کی گئی ۔ میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ بالائی علاقوں خاص طور پر امرناتھ گھپا اور پیر کی گلی کے مقام پر رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنیچروار کی شام سے موسمی صورتحال میںتبدیلی آئی جس دوران بارشیںہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں 10.7 ملی میٹر، شالیمار میں 9.0 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 6.2 ملی میٹر، پہلگام میں 10.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 4.2 ملی ،کوکرناگ میں 4.8 ملی میٹر،گلمرگ میں8.8 ملی میٹر، اونتی پورہ 1.8 ملی میٹر، اننت ناگ 6.0 ملی میٹر، گاندربل 6.0 ملی میٹر، بڈگام 10.0 ملی میٹر،شوپیان 6.0 ملی میٹر،کولگام میں 13.0 ملی میٹربارشیں ریکار ڈکی گئی ۔ گلمرگ سے نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شہر آفاق گلمرگ میں سنیچروار کی شام بارشوں کے بعد اپر وٹ کی پہاڑیوں پر رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی ۔ جس کے ساتھ ہی موسم سرما نے دستک دی ۔ سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم میں مزید تبدیلی آئی گی اور درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ کئی مقامات پر ہلکی برفباری کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے کیونکہ مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی ہے ۔ ادھر گزشتہ شام کولگام کے کیلم علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایگریکلچر محکمہ کی ہائی ٹیک گرین عمارت پر آسمان بجلی گر جانے سے عمارت کو نقصان پہنچ گیا ۔










