weather

موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق علاقہ وار بارشوں کا تازہ سلسلہ

تیزہوائوں اورگرج چمک کیساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بادوباراں

سری نگر//محکمہ موسمیات اورماہرین موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کشمیر وادی میں جمعرات کی صبح سے ہی دھوپ چھائوں کاکھیل جاری رہنے کے بعد دوپہر سے آسمان پر بادل چھاگئے اور بعددوپہر سوپور،زینہ گیر ،بارہمولہ ،ہندوارہ اور شمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں مرحلہ وار بنیادوں پر وقفے وقفے سے تیز بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کیساتھ ساتھ بادلوں اورآسمانی بجلی کڑکنے کی گن گرج بھی سنائی دی۔سری نگر سمیت وسطی کشمیر میں بادل چھائے رہے ،لیکن یہاں سہ پہرکے وقت تیز دھوپ کل آئی جبکہ جنوبی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں بعددوپہرتک موسم بہترتھا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کوصبح اور دوپہر کے وقت موسمی صورتحال کے حوالے سے دومرتبہ تازہ جانکاری فراہم کی گئی ۔صبح 7بجے کی موسمی تازہ کاری میں بتایاگیاکہ آج دوپہر کے آخراورشام کے دوران کچھ جگہوں پرگرج چمک کیساتھ بارش کا ایک مختصر سلسلہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایاکہ 7جون کو جموں وکشمیرمیں بکھرے ہوئے مقامات پرگرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کاامکان ہے جبکہ8اور9جون کو جموں و کشمیر کے بہت سے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کاامکان ہے اور جموں خطہ کے میدانی علاقوں میں کچھ مقامات پر صبح کے اوقات میں درمیانی سے موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کودن کے ایک بجکر 50منٹ پر دوسری موسمی تازہ کاری جاری کی گئی ،جس میںبتایاگیاکہ اگلے ایک سے 2گھنٹے کے دوران شمالی مغربی کشمیر (ہندواڑہ، بارہمولہ) اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہوا اورکیساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ لوگوںکو مشرہ دیاگیاکہ اگروہ گھروں کے اندرہیں تواندر ہی رہیں اوراگر گھر سے باہر ہیں توپھر موسم بہتر ہونے تک کسی جگہ اندرہی رہیں۔محکمہ موسمیات کی ان دوجانکاریوں کے عین مطابق کشمیروادی میں صبح کے وقت مطلع ابرآلودرہنے کے بعد کچھ وقت کیلئے دھوپ نکلی تاہم دوپہرکے وقت سے دھوپ غائب ہوگئی اوربادل تیزی کیساتھ چھاگئے ۔اس دوران بعددوپہر سوپور،زینہ گیر ،بارہمولہ ،ہندوارہ اور شمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں مرحلہ وار بنیادوں پر وقفے وقفے سے تیز بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کیساتھ ساتھ بادلوں اورآسمانی بجلی کڑکنے کی گن گرج بھی سنائی دی۔سری نگرمیں بادل چھائے رہنے کے بعد سہ پہر4بجے سے پھردھوپ نکلی اور تاحال یہاںموسمی صورتحال مستحکم تھی ۔دریں اثناء کشمیر کی موسمی صورتحال سے متعلق جانکاری فراہم کرنے والیKashmir.Weatherنامی ویب سائٹ یاگروپ نے ایک تفصیلی جنکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ جمعرات کومجموعی طور پر، زیادہ تر خشک موسم متوقع ہے۔ دیر دوپہراورشام تک چند مقامات پر ایک مختصربارش ہو سکتی ہے۔جمعہ کے روزجموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ تاہم مسلسل بارش کی توقع نہیں ہے۔اس دوران چند علاقوں میںژالہ باری، تیز ہوائیں اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔ہفتہ اور اتوارکوجموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہفتہ کو بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم مسلسل بارش کی توقع نہیں ہے۔ہفتہ کی رات یا اتوار کی صبح جموں خطہ کے بیشتر حصوں میں درمیانی سے بھاری بارش کا امکان ہے۔ تاہم، پونچھ، راجوری اور ریاسی کے اضلاع میں بارش سے نسبتاً کم اثر پڑنے کا امکان ہے۔اس دوران کشمیر کے علاقے میں بھی ہلکی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر کے جنوبی حصوں میں بارش کے امکانات سب سے زیادہ ہیں، وسطی حصوں میں درمیانے درجے کے، اور شمالی حصوں میں بھی بارش کا کچھ امکان ہے۔کشمیر ویدر کے مطابق کشمیر کے علاقے کے لیے حالات مختلف ہو سکتے ہیں۔ بارش ہونے کا 50 فیصد امکان ہے جبکہ جموں خطے کیلئے، امکانات80فیصد ہیں۔کشمیر ویدر کے مطابق بادل پھٹنے، شدید بارشوں، سیلاب کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جموں خطے میں اس کا امکان سب سے زیادہ ہے۔ ندیوں اور ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔ درجہ حرارت معمول کے معیار سے 8سے14ڈگری سیلسیس کم رہ سکتا ہے۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ یا پتھراؤ کا امکان ہے۔