سری نگر//حکومت جموںوکشمیر میں سڑک رابطوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ہردِن 20کلومیٹر لمبی سڑک کی تعمیر اور 15کلومیٹر سڑک کو میکڈمائزیشن کو یقینی بنارہی ہے۔اِس کے علاوہ بار بار ٹریفک کی بھیڑ کو ختم کرنے کے لئے 100 پُل زیر تعمیر ہیں جس سے گاڑیوں کی آسانی سے آمد رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔حکومت کے ویژن کے مطابق یہ اَقدام 2023ء تک دیہی علاقوں میں تمام شہری سہولیات فراہم کرے گا۔پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کی عمل آوری میں سرفہرست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں جموںوکشمیر کی درجہ بندی سڑک رابطوں کو بہتر کرنے کی طرف حکومت جموںوکشمیر کی کوششوں کا ثبوت ہے۔جموںوکشمیر کے لوگ اَب سڑک رابطوں کا پورا فائدہ اُٹھارہے ہیں جس سے وہ گزشتہ ستر برسوں سے محروم تھے۔سابق حکومتوں کی غلط حکمرانی نے بہت سے علاقوں کو ترقی اور خوشحالی سے محروم کیا یہاں تک کہ ہمالیائی خطے کے بہت سے بستیوں کو مکمل طور پر نظر اَندا ز کیا گیا۔جموںوکشمیرمیں سڑکوں کی تعمیر نے 2019ء کے بعد تین برسوں میں بڑی شاہراہوں پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔اِس پہل نے مرکزی علاقے میں اہم مقامات کے درمیان سفر کے وقت کو کافی حد تک کم کیا۔گزشتہ دو برسوں میں سڑک اور ٹنل کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیح دی گئی ہے اور ایک مضبوط سڑک نیٹ ورک بنانے کے لئے تقریباً ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ جموںوکشمیر نے بھی 6,450 کلو میٹر سڑک کی لمبائی کی تعمیر کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور ملک میں سب سے طویل سڑک کی لمبائی کے ہدف میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ جموںوکشمیر نے لگاتار دوسرے سال 2022ء میں کامیابی سے اَپنی قومی درجہ بندی کو برقرار رکھا ہے کیوں کہ جموںوکشمیر کو ایک بار پھر پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہر برس سڑک کی لمبائی کی تعمیر کے لئے قومی سطح پر سب سے اوپر تین ریاستوں اور یوٹیز میں شمار کیا گیا تھا۔چھ میں سے تین ٹنلوں کی تعمیر سے بشمول سٹریٹجک زیڈ۔موڑ ٹنل کے 2023ء کے وسط تک مکمل ہونے کی اُمید ہے ۔ سڑک رابطے میں جموں وکشمیر اور باقی اِنڈیاکے درمیان ایک بڑا قدم اُٹھنے والا ہے۔چھ میں سے چار ٹنل جموں کو اننت ناگ سے جوڑنے والی نیشنل ہائی وے۔244 پر آرہی ہیں ۔ ان میں کھیلانی ٹنل ، کے ایم 83 ٹنل ، سدھ مہا دیو۔ درنگا ٹنل اور سنگھ پورہ ۔ وائیلو ٹنل شامل ہیں۔ چار ٹنل تیار ہونے کے بعد جموںاور اننت ناگ کے درمیان سفر کا وقت موجودہ 11۔12 گھنٹے سے کم ہو کر 6 گھنٹے ہوجائے گا۔ این ایچ ۔1 پر باقی دو ٹنل اِنتہائی اہم زوجیلا اور زیڈ ۔موڑٹنل سری نگر اور کرگل کے درمیان ہمہ موسمی سڑک رابطہ فراہم کریں گی۔مرکزی حکومت دیہی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں جموں کشمیر اِنتظامیہ کی کوششوں کا سپورٹ اور ان کی تکمیل کر رہی ہے تاکہ سڑک اور پُل رابطے میں اِضافے ہو جس سے جموںوکشمیر یوٹی کی آبادی بالخصوص دیہی باشندوں کی زندگی کو آسان اور خوشگوار بنایا جاسکے۔










