ہم تقریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کا خیرمقدم کرنے کے منتظر: ڈاکٹر ارون کمار مہتا
سری نگر//سری نگر میں22 مئی سے منعقد ہونے والے پہلے 3 روزہ G20 ایونٹ پر تمام نظریں رکھتے ہوئے، مرکز اور جموں و کشمیر انتظامیہ کو امید ہے کہ جموں وکشمیر کی عظیم سیاحتی صلاحیت، پائیدار سیاحت، ایڈونچر ٹورازم، فلم اور ایکو ٹورازم کو ایک بڑا فروغ ملے گا اور مقامی نوجوانوں کے لیے متعدد مواقع کے دروازے کھلیں گے۔ اس بین الااقوامی تقریب کے منتظمین کا خیال ہے کہ یہ تقریب جموں و کشمیر کی معیشت کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔جے کے این ایس کے مطابق یہاںSKICC میں تین روز جی 20میٹنگ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی20 ایونٹ کے چیف کارڈی نیٹر ہرش وردھن شرنگلا نے کہا کہ سری نگر ایک بڑے میک اوور (تبدیلی)سے گزرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائبر کیبل بچھائی جا رہی ہے اور جنگی بنیادوں پر بہت بڑی ترقی ہوئی ہے۔ ہرش وردھن شرنگلا نے کہا کہ جی20 ایونٹ پہلی بار ہندوستان کے شمال، جنوب، مشرقی اور مغربی حصوں میں منعقد ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جی20 کے بارے میں ملک کے تمام حصوں میں بڑے پیمانے پر بیداری کیمپ منعقد کیے گئے ہیں۔ خاص طور پر سری نگر میں جی20 ایونٹ کے بارے میں، مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی ہے اور ہم کل سے سری نگر میں جی20 سے متعلق ٹورازم ورکنگ گروپ کے پروگرام کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقررین و مہمان اور ہندوستان کے مختلف حصوں سے مہمان ہوں گے۔ گروپ ڈسکشن بھی ہو گی۔ ی20 ایونٹ کے چیف کارڈی نیٹر ہرش وردھن شرنگلا نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ یہ تقریب جموں و کشمیر کی معیشت اور اس کی سیاحت کے وسیع امکانات کو بحال کرنے میں مدد کرے گی۔انہوںنے کہاکہ یہ تقریب جموں و کشمیر کی پائیدار سیاحت، ایڈونچر ٹورازم، فلم اور ایکو ٹورازم کو ایک بڑا دھکا دینے میں مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مواقع کے دروازے کھولے گی، جنہیں قدرتی حسن سے نوازا گیا ہے۔ اس موقع پر ، جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں، جموں و کشمیر میں سیاحت کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔سال2022 میں،ایک کروڑ88لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ صرف شروعات ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اگلے سال دہلی سے سری نگر کے لئے سیدھی ٹرین چلائیں گے اور یہ ایک تکنیکی عجوبہ ہوگا۔ چیف سیکریٹری کاکہناتھاکہ اس سال غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے 300 نئے سیاحتی مقامات کو تلاش کے لئے تیار رکھا ہے۔ سونمرگ سال بھر کھلا رہے گا۔ جموں و کشمیر4 رنگوں کی پیشکش کر رہا ہے – سفید جس کا مطلب ہے برف، قوس قزح کا مطلب بہار، گرمیوں میں سبز اور خزاں میں نارنجی۔ لہذا جموں و کشمیر خالصتاً ایک سیاحتی مقام ہے جو سال بھر مہمانوں کی آمد کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کل یعنی22مئی سے شروع ہونے والی شاندار تقریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیاجائے گا۔










