ممکنہ طورپر3معصوم بچوں کوہلاک کرنے والا آدم خور تیندوا

بارہمولہ //شمالی ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقہ اوڑی کے کچھ دیہات میں گزشتہ ماہ 3کمسن بچوں کو موت کی نیندسلادینے والے ایک آدم خورتیندوے کومحکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق آدم خور تیندوے نے گزشتہ ماہ جون کے مہینے میں سب ڈویڑن اوڑی کے کلسان اور دیگر آس پاس کے دیہات میں15 سالہ عامر منیر، 12 سالہ شاہد احمد اور 12 سالہ رتبہ منظور کو ہلاک کردیا تھا۔ جس کے بعد حکام نے تیندوے کو آدم خور قرار دیتے ہوئے اسے مارنے کا حکم بھی دیا تھا۔محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کو ہلاک کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں۔اس کے علاوہ ان دیہات میں متعلقہ محکمہ نے آدم خور تیندوے کو پکڑنے کیلئے جال بھی بچھائے تھے۔محکمہ وائلڈ لائف کے ذرائع نے بتایا کہ ہماری ٹیموںنے تین بچوں کوازجان کرنے والے تیندوے کوزندہ پکڑنے کی کوشش کی اوراس مقصد کیلئے جنگلوں کے نزدیک واقع کچھ دیہات میں جال بھی بچھائے گئے ،لیکن وہ ہمارے بچھائے جال میں نہیں پھنسا۔انہوںنے کہاکہ بدھ کو رات دیر گئے آدم خور تیندوا بونیارکے برنیٹ نامی گائوں ایک بار پھر نمودار ہوا جس کے بعد اگر چہ اسے زندہ پکڑنے کی کئی کوششیں کی گئیں، لیکن اس نے محکمہ ٹیم پر بھی حملہ کیا جس کے بعد تیندوے کو ہلاک کر نا پڑا۔محکمہ وائلڈ لائف کے ذرائع نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ وہی جنگلی تیندوا ہے جس نے حال ہی میں تین نابالغوں کو ہلاک کیا تھا۔ادھر مقامی لوگوں نے آدم خور تیندوے کو ہلاک کرنے پر محکمہ وائلڈ لائف کو سراہا۔