حساس مقامات پر فورسز کی اضافی نفری ، لالچوک کے ارد گرد گشت بڑھایا گیا
سرینگر// وادی میں تازہ ملی ٹنٹ حملوں کے نتیجے میں ایک پولیس افسر کے زخمی ہونے اور ایک غیر مقامی مزدور کی ہلاکت کے بعد پورے کشمیر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق پلوامہ ، سرینگر اور بارہمولہ میں تازہ ملی ٹنٹ حملوں کے بعد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔سیکورٹی فورسز نے یہاں شہر کے کئی حصوں کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر حصوں میں گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی چیکنگ اور تلاشی کا عمل تیز کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام بڑے چوراہوں، اس کے داخلی،خارجی راستوں اور ضلعی ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والی اہم سڑکوں پر ناکے اور موبائل وہیکل چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ان علاقوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیںخاص طور پر جہاں غیر مقامی لوگ رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ زیادہ تر غیر مقامی مزدور سرد موسم کی وجہ سے وادی چھوڑ چکے ہیں، لیکن کچھ ابھی بھی بستیوں میں قیام پذیر ہیں۔وادی میں ملیٹنٹ حملوں کی تازہ لہر دیکھی گئی ہے۔ جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں منگل کو دہشت گردوں نے سات بچوں کے باپ ایک پولیس اہلکار کو اس کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔اتوار کو سری نگر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا تھا جبکہ پیر کو پلوامہ ضلع میں اتر پردیش کے ایک مزدور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ سیکورٹی اپریٹس کی توجہ ایک بھی شخص کی جان کے ضیاع کو روکنا ہے۔حملوں کے طریقہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے، پولیس اہلکار نے، جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، کہا کہ حملے مافیا کی طرز کے ہیں جہاں ایک نئے بھرتی کو دہشت گردی کی صفوں میں شامل ہونے سے پہلے نرم ہدف کو نشانہ بنا کر وفاداری ثابت کرنے کا ٹاسک دیا جاتا ہے۔حملوں کے تناظر میں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو یونیفائیڈ ہیڈکوارٹر (یو ایچ کیو) کی میٹنگ کی صدارت کی ۔عہدیداروں نے بتایا کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ، جو یہاں راج بھون میں منعقدئی جموں و کشمیر کے موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جموں و کشمیر کے نئے تعینات ہونے والے پولیس سربراہ آر آر سوائن کے لیے یہ پہلی میٹنگ تھی۔سوین کے علاوہ، فوج کے اعلیٰ افسران، بشمول جنرل آفیسر کمانڈنگ شمالی کمان، چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا، ہوم سکریٹری آر کے گوئل، سی اے پی ایف کے تمام سربراہان، انٹیلی جنس ایجنسیاں میٹنگ میں شرکت رہے۔










