مقدم یاری حاجن میں خاتون کی پُراسرار موت

24سالہ حاملہ خاتون کی نعش کاپوسٹ مارٹم ،رپورٹ آنے پرہی ہوگی موت کی وجہ واضح :پولیس

بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے حاجن کے مقدم یاری گاؤں میں جمعرات کو ایک24 سالہ حاملہ خاتون اپنی رہائش گاہ پر پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق 24سالہ خاتون الفت بانو زوجہ محمد اشرف ساکن مقدم یاری حاجن گھر کے ایک کمرے میں بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ جواں سالہ حاملہ خاتوںکو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر حاجن منتقل کیاگیا ، جہاں پہنچنے پرڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا ۔پولیس نے مقدم یاری حاجن میں جواں سالہ خاتون کو گھرمیں مردہ پائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ خاتون کی نعش کاپوسٹ مارٹم کرایاجائے گا تاکہ اسکی موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔دریں اثنا، پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔