Advisor Bhatnagar

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سکولوں میں تدریسی عملے کو معقول بنانے اور اَساتذہ کی استعداد کار کو باقاعدہ بنانے پر زور دیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج مڈل اور سینئر سکینڈری سکولوں میں تدریسی عملے کو معقول بنانے ، اساتذہ کی استعداد کار میں اِضافہ کرنے اور اُنہیں تعلیم کے جدید آلات سے روشناس کرانے پر زور دیا۔ اِن باتوں کا اِظہار مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سکولی تعلیم کے مختلف شعبوں کی تعلیمی ترقی ، طبعی اور مالیاتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ مراتھن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری تعلیم آلوک کمار ، چیئرپرسن جے کے بی او ایس اِی پریکشت سنگھ منہاس ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر روی شنکر شرما ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر ، مختلف ہائیر سکینڈری سکولوں کے پرنسپل ، تمام اَضلاع کے چیف ایجوکیشن اَفسران اور دیگرمتعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر موصوف نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے اُنہیں تاکید کی کہ وہ تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل تدریسی عملے کو مؤثر طریقے سے معقول بنائیں تاکہ عمل میں وقت ضائع نہ ہو اور سکولوں میں مطلوبہ مضمون کے مخصوص اساتذہ کو تعینات کیا جائے ۔اُنہوں نے دونوں ڈائریکٹروں پر زور دیا کہ وہ مطلوبہ سٹاف کو ہارڈ زون والے علاقوں میں تعینات کریںاور ان اَساتذہ کے خلاف مطلوبہ کارروائی کریں جو اَپنی پوسٹنگ کی جگہوں پر جوائن نہیں کرتے ہیں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِندراج اور دیگر متعلقہ شعبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران پر زور دیا ہ وہ پلے کورسز کو سکول سے باہر بچوں میں پڑھانے کے پلے وے طریقوں کو اِستعمال کرتے ہوئے مقبول بنائیں تاکہ وہ سیکھنے میں دِلچسپی پیدا کریں ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ ’ آئو سکول چلیں مہم ‘ کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے سکولوں کی طرف راغب ہوں۔اُنہوں نے اُنہیں جموںوکشمیر میں ’ آئو سکول چلیں ‘ کو مؤثر اَنداز میں آگے بڑھانے کے لئے پی آر آئی اور مقامی محلہ کمیٹیوں کو شامل کرنے کی تاکید کی۔اُنہوں نے سیزنل سکولوں میں سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے دونوں ڈائریکٹروں سے کہا کہ وہ تمام سیزنل سکولوں کا اَدبی سروے کریں تاکہ زمینی سطح پر ان کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے ۔اُنہوں نے ان سکولوں میں سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ قبائلی بچے سکول کی طرف راغب ہوں۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے میٹنگ میں اِس بات پر بھی زور دیاکہ سکولوں میں والدین او راَساتذہ کی ملاقات کو باقاعدہ بنایا جائے تاکہ والدین تعلیمی اِداروں کی مجموعی ترقی میں شریک ہوں۔اُنہوں نے اَساتذہ کو جدید تعلیمی آلات سے روشناس کرنے کے لئے ان کی باقاعدہ تربیت کرنے پر بھی زور دیا جس کے نتیجے میں پورے جموںوکشمیر میں تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور سیکھنے کے نتائج میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے محکمہ کی طبعی اور مالیاتی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسرا ن پر فنڈز کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ اُنہوں ے دونوں ڈائریکٹر وں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل سکول کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کریں تاکہ بچوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے غیر استعمال شدہ بنیادی ڈھانچے اور خالی عمارتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام سی اِی اوز کو تاکید کی کہ وہ تعلیمی سیشن کے آغاز سے پہلے اَپنے متعلقہ اَضلاع میں خالی عمارتوں اور ہوسٹلوں کے لئے ایک حسب ضرورت آپریشنل پلان پیش کریں تاکہ بنیادی ڈھانچے کا صحیح اِستعمال ہوسکے۔اُنہوں نے محکمہ میں این اِی پی ۔2020کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران پر زو ردیا کہ وہ ذاتی طور پر پالیسی کی عمل آوری کی نگرانی کریں کیوں کہ یہ پورے جموںوکشمیر کے تعلیمی منظر نامے کو تبدیل کرے گا۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ پالیسی کے مختلف پہلوئوں پر باقاعدگی سے بات چیت کریں تاکہ اسے زمینی سطح پر کامیابی کے ساتھ نافذ کیا جاسکے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم نے مشیر موصوف کو این اِی پی ۔2020کی عمل آوری پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے محکمہ کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔