مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سری نگر میں خون عطیہ کیمپ کا اِفتتاح کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جی بی پنت ہسپتال میں ’’ ولرڈ بلڈ ڈونرز ڈے‘‘ کی تقریبات کے موقعہ پر خون عطیہ کیمپ کا اِفتتاح کیا۔اِس تقریب کا اِنعقاد ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے بادامی باغ چھائونی ( بی بی سی ) کے اِشتراک سے کیا تھا اور اِس کا مقصد پورے جموںوکشمیر میں خون کی فراہمی کی اہم ضرورت کو پورا کرتے ہوئے رضاکارانہ خون عطیہ کلچر کو فروغ دینا تھا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار ،سی ای او بی بی سی ، محکمہ صحت کے اعلیٰ اَفسران ،ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل سٹاف اور خون عطیات دینے والوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خون عطیہ کے اِنسانی پہلو پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ کس طرح معاشرے کے اَندر ہمدردی اور اتحاد کی علامت ہے ۔اُنہوں نے شرکأ کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ خون کی منتقلی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے اِسی طرح کے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سال کا تھیم ’’ خون دیں، پلازما دیں ، زندگی بانٹیں ، اکثر بانٹیں‘‘ بہت منفرد ہے اور یہ تھیم بنی نوع اِنسان کے لئے اِس اہم خدمت کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ زندگی بھر منتقلی کی مدد پر بھی توجہ مرکوز کرتا ہے اور خون یا پلازما کا قیمتی تحفہ دے کر ہر فرد ادا کرسکتا ہے اِس کردار کو اُجاگر کرتا ہے۔مشیر موصوف نے کہا کہ ہر ایک عطیہ زندگی بچانے والا ایک قیمتی تحفہ ہے اور بار بار عطیہ خون کی محفوظ اور دیرپا فراہمی کی کلید ہے ۔ اُنہوں نے رضاکارانہ خون کے عطیہ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ کس طرح ضرورت مند مریضوں کی بروقت طبی خدمات کو یقینی بنانے میں اہم کردا ر اَدا کرتا ہے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر میں صحت سے متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے قیام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں جموںوکشمیر میں عالمی معیار کا طبی ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ صحت سکیم کے تحت تمام باشندوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر میں 28 بلڈ بینک ، 30بلڈ سٹوریج یونٹوں ، سات خون کی علاحدگی کے اجزأ کے یونٹ اور دیگر متعلقہ طبی ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دِن بہت اہم ہے کیوں کہ یہ بنی نوع اِنسان کے اہم پہلو کا احاطہ کرتا ہے ۔اُنہوں نے رضاکارانہ خون عطیہ کی اہمیت او راہم ہیلتھ کیئر میں اس کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی ۔مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے تقریب کے دوران کئی خون عطیہ دہندگان سے بھی بات چیت کی اور ان میں توصیفی اَسناد تقسیم کیں۔