مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہلگام کا دورہ کیا

پہلگام//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہلگام کا دورہ کیا او راُنہوں وہاں ہسپتال کے کام کاج اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیا ت کا جائزہ لیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسروں کی ایک ٹیم کے ساتھ ہسپتا ل میں موجودہ اور عوام کو فراہم کی جارہی صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔دور کے دوران مشیر موصوف نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور اس کے تمام حصوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے ، طبی آلات اور مریضوں کی دیکھ ریکھ خدمات کا بغور جائزہ لیا۔اُنہوں نے ہسپتال میں صحت خدمات کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی پیشہ وراَفراد کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی۔اُنہوں نے مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور اُنہیں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کا موقعہ پر جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ڈاکٹر وں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لوگوںاور سیاحوں کو صحت کی جامع خدمات فراہم کرنے پر زور دیا کیوں کہ پہلگام کو ایک ساز گار سیاحتی مقامی کے طور پر اہمیت حاصل ہے۔اُنہوں نے جاری شری اَمرناتھ جی یاترا کے پیش نظر معیار اَدویات اور صحت خدمات کے دیگر آلات دستیابی پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے ڈاکٹر وں اور عملے کی انتھک کو ششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کے لوگوں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں ۔اُنہوں نے وہاں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تجاویز اور ضروریات کو بھی نوٹ کیا اور اِس کے لئے موقعہ پر ہدایات دیں۔اِس دوران مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے 50 بستروں والے نئے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا او رمقررہ ٹائم لائنز اور معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔ اُنہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا باریک بینی سے معائینہ کیا اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ اِس منصوبے کو مقررہ مدت کے اَندر مکمل کریں۔اِس موقعہ پرمشیر راجیو رائے بھٹناگر نے عمل آوری ایجنسی کے افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے تمام شہریوں کے لئے قابل رَسائی اور اعلیٰ معیاری صحت خدمات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ 50بستروں کا نیا ہسپتال پہلگام اور اِس سے ملحقہ علاقوں میں صحت سہولیات میں نمایاں اِضافہ کرے گا جس سے مقامی اور دیگرلوگوں کو جدید ترین اِنفراسٹرکچر اور جامع طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔