سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جے اینڈ کے ایگرو اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( جے کے اے آئی ڈی سی کے) کے 54ویں سالانہ جنرل میٹنگ اور 69 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعمیرات عامہ ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے اے آئی ڈی سی ایل ڈاکٹر ارون کمار منہاس، ڈائریکٹر جنرل کو ڈس ، سی جی ایم نبارڈ ، ڈائریکٹر زراعت جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر باغبانی جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر پشو پالن جموں / کشمیر ، ایگر ی کوآپریٹیو فارمرز ویلفیئر محکمہ کے نمائندے ، مرکزی حکومت اور دیگر متعلقہ اَفسروں نے ذاتی طور پر او ربذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کارپوریشن کے کاروبار کو بڑھانے اور متنوع بنانے کے لئے اَقدامات کریں۔اُنہوں نے ان سے کہاکہ وہ کارپوریشن کی تمام اِکائیوں کا ’بزنس مینجمنٹ ماڈل ‘ تیار کریں تاکہ ان کے مؤثر اِستعمال اور ترقی ہو۔دورانِ میٹنگ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کارپوریشن کے مجموعی کام کاج اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کچھ اہم فیصلے لئے۔










