مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر کے پولی تکنیک کالجوں کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر کے پولی تکنیک کالجوں کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے سدرشن کمار ، تمام اَضلاع کے پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے پولی تکنیک کالجوں کی کار کردگی اور کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا جس کا مقصد اِن تعلیمی اِداروں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور تکنیکی تعلیم میں بہتری کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔میٹنگ میں مشیر موصوف نے کہا کہ پولی تکنیک کالجوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور تیزی سے ترقی پذیر جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے طلباء کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس بات کو یقینی بنانا ہمار ی ترجیح ہونی چاہیے کہ یہ اِدارے اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کریں او راَپنے پروگراموں کو صنعتی ضروریات کے مطابق بنائیں۔ اُنہوں نے طلباء کو عملی ہنر فراہم کرنے او راَفرادی قوت میں مؤثرطریقے سے حصہ اَدا کرنے کے لئے اُنہیں بااِختیار بنانے میں تکنیکی تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر میں پولی تکنیک اِداروں سے متعلق مختلف مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے طلباء کو جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے اور لیبارٹریوں کو مسلسل اَپ گرید کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تدریسی طریقہ کار کو بڑھانے او رسیکھنے کے ساز گار ماحول کو فروغ دینے کے لئے فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگراموں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے پولی تکنیک کالجوں کے نتائج کا تفصیلی تجزیہ کرتے ہوئے ان میں سے کچھ اِداروںکے خراب نتائج کا سخت نوٹس لیا۔اُنہوں نے پرنسپل سیکرٹری اور ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ایک ہفتے کے اَندر اَندر ایک رِپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا ہے جس میں ہر ٹیچر کو دئیے گئے لیکچرروں اور اُنہیں تفویض کردہ مضامین میں کارکردگی کی تفصیل درج ہو۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے جموںوکشمیر بھر میں پولی تکنیک کے کام کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔