ایک سیاح جاں بحق ، متعدد زخمی ، کئی ایک کی حالت نازک ، حملہ آوروں کی تلاش جاری
سرینگر // جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے بایسران علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے سیاحوں کے ایک گروپ پر حملے میں ایک سیاح جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک درج کے قریب زخمی ہو گئے ۔ حملے کے بعد فوج و فورسز اور خصوصی آپریشن گروپ نے علاقے کا محاصرہ میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔ اسی دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون نے دیگر پولیس افسران کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کر لی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق اننت ناگ ضلع میں پہلگام کے اوپر واقع بایسران میں سیاحوں کے ایک گروپ پر ملی ٹنٹوں کے حملے میں ایک سیاح جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیاحوں کا ایک گروپ وہاں جنگلی علاقے میں کھلے گھاس میں سیر و تفریح میں مصروف تھا جس دوران دہشت گردوں نے انہیںنشانہ بنا کر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی وہاں افر ا تفری کا ماحول پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار سنائی دی ۔ معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے ساتھ ہی وہاں سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم پہنچ گئی جنہوں نے سیاحوں کو خون میں لت پت دیکھا اور انہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی سیاح زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں میں گجرات، مہاراشٹرا، کرناٹک، تمل ناڈو اور اڈیشہ کے لوگ شامل ہیں۔ اب تک کے ناموں میں وینو بھٹ، مانک پاٹل، رینو پانڈے، ایس بالاچندرو، ڈاکٹر پرمیشور، ابھیجاون راؤ، سنترو اور ساہشی کماری شامل ہیں۔ زخمیوں کی اصل تعداد زیادہ بتائی جاتی ہے، جن میں سے متعدد اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔اسی دوران سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کیلئے جنگلوں میں تلاشی مہم شروع کرتے ہوئے علاقے اور اس کے آس پاس بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی ہے۔ اعلیٰ پولیس اور انتظامی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں، اور ہنگامی امداد فراہم کرنے اور علاقے سے دیگر سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ زخمی سیاحوں میں سے ایک سیاح اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن جاری ہے اور فی الحال اس بارے میں زیادہ تفصیلات حاصل نہیںہوئی ہے ۔ ادھر انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے دیگر پولیس افسران کے ساتھ علاقے کا دورہ کیا اور وہاں حالات کا جائزہ لیا ۔










