مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن نے کوکر ناگ میں میگا عوامی دربار کی صدارت کی

اننت ناگ// مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن ناظم ضیا ء خان نے آج بجٹ ایکوموڈیشن کوکرناگ میں ایک میگا عوامی دربار کی صدارت کی۔ اِس سیشن کا مقصد عوامی شکایات کا ازالہ کرنا، ترقیاتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کرنا اور کمیونٹی کو متاثر کرنے والے مختلف مسائل سے نمٹنا تھا۔عوامی دربار کے دوران مشن ڈائریکٹرنیشنل ہیلتھ مشن نے اِنتظامیہ اور شہریوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں اس طرح کے رَسائی پروگراموں کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے اعلیٰ سطحی حکومتی اَفسروں کی عوام سے براہِ راست بات چیت کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ ان کے مسائل کا اَزالہ کیا جاسکے۔میٹنگ میں ریونیو، پولیس، بجلی، صحت، تعلیم، پبلک ورکس، زراعت اور متعلقہ محکموں سمیت مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔شکایات کے اَزالہ کیمپ میں ناظم ضیاء خان نے عوام کی شکایات اور مطالبات سننے کے بعد موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقعہ پر ہی جواب طلب کیا۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام جائز مطالبات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات بھی دیں۔ اُنہوں نے مرکزی معاونت والی سکیموں کو زمینی سطح پر عملانے پر زور دیا جس کے مجموعی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر واضح اَثرات مرتب ہوں گے اور اُنہوں نے تمام استفادہ کنندگان احاطہ کرتے ہوئے سماجی تحفظ کی سکیموں کو مکمل کرنے پر زور دیا۔ناظم ضیاء خان نے حوصلہ افزائی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع اننت ناگ کے نوجوانوں کی تیزی سے انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کرنے کے لئے سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اَنٹرپرینیورشپ میں اِقتصادی ترقی کے ایک غیر استعمال شدہ ذریعہ کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت موجود ہے جس میں کاروباری افراد ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت فراہم کرنے والے بنتے ہیں۔مشن ڈائریکٹر نے سیاحت میں اننت ناگ کی ساکھ کو تسلیم کرتے ہوئے بھیڑ وں کی فارمنگ ، ڈیری فارمنگ اور ٹراؤٹ فش فارمنگ جیسے دیگر شعبوں میں دستیاب وسیع مواقع پر زور دیا۔ اُنہوں نے نشاندہی کی کہ ضلع کا سازگار جغرافیائی محل وقوع اسے ان علاقوں میںمتنوع بنانے کے لئے موزوں بناتا ہے ۔ناظم ضیاء خان نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف سرکاری سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں اور ان شعبوں میں مواقع تلاش کریں۔ اُنہوں نے اننت ناگ ضلع کی دیرپا ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے کمیونٹی کو سرکاری اَقدامات سے آگاہ ہونے اور ان کا اِستعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔