سری نگر//مرکزی سیکرٹری محکمہ اِنتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات( ڈی اے پی آر جی)وِی سری نواس نے آج جموں وکشمیر یوٹی کے دورے کے دوران جموں وکشمیر میں مشن یوتھ کے نفاذسے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔وِی سری نواس نے مشن یوتھ کے مؤثر اَقدامات اور علاقے کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان سے منسلک کرنے میں ان کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے مشن یوتھ کی طرف سے جموںوکشمیر میں نوجوانوں کی مؤثر شمولیت اور رَسائی کے لئے کی جانے والی کوششوں اور وسائل کی سراہنا کی۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموںوکشمیر کے نوجوان پورے ملک کے لئے اَمن اور خوشحالی کے سفیر بن کر اُبھریں گے۔اُنہوں نے مشن یوتھ کی طرف سے نافذ کئے جانے والے مختلف پہلوئوں پر غور کیا جس میں لائیو لی ہڈ سکیمیں ، تعلیمی پروگرام ، سکل ڈیولپمنٹ کے علاوہ کھیل اور تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔میٹنگ میں سیکرٹری قبائلی اَمور اور سی اِی او مشن یوتھ ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، سیکرٹری لیبراینڈ ایمپلائمنٹ ریحانہ بتول اور ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں کے ساتھ مشن یوتھ کے مختلف افسران، اَفسران اور استفادہ کنندگان نے شرکت کی۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے میں ان کی اہمیت پر وزور دیتے ہوئے ان اقدامات کے مثبت نتائج کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے مشن یوتھ کے ڈھانچے ، مقاصد اور فعالیت کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کی۔دورانِ میٹنگ سی اِی او مشن یوتھ نے سٹریٹجک اقدام کے شعبوں کے بارے میںجانکاری دی۔اِن شعبوں میں مارکیٹ سے چلنے والی ہنر مندی ، نفسیاتی سماجی بحالی ، معاش پیدا کرنا ،تعلیم اور کیریئر کی مشاورت اور کھیلوں اور تفریح سے سماجی مشغولیت شامل ہے۔اُنہوں نے سیاحتی شعبے میں مشن یوتھ کے اہم کردار پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ سکیموں کی ڈیجیٹائزیشن کرنے سے اور انہیںعملانے میں سہولیت فراہم ہوئی ہے۔اُنہوں نے مشن یوتھ کے مسلسل تعاون کے لئے نوڈل ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ اَدا کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ جو مشن یوتھ کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس ( ڈی ایل ٹی ایف) کے چیئرپرسن کے طور پر خدمات اَنجام دے رہے ہیں ، نے سی اِی او مشن یوتھ کی طرف سے فراہم کردہ غیر متزلزل سپورٹ کو اُجاگر کرتے ہوئے اَپنے تجربات کا اِشتراک کیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ کس طرح مشن یوتھ نے دُور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو اَپنی روزی روٹی کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مہمان نوازی اور مہارتوں میں منعقد کئے جانے والے تربیتی پروگرام متاثر کن رہے ہیںجو نوجوانوں کو ہوم سٹے کو برقرار رکھنے، ان کا اِنتظام کرنے اور معروف آن لائن مہمان نوازی کے پورٹلوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے بااِختیار بناتے ہیں ۔ نوجوانوں کے رضاکارانہ پروگرام کو نوجوانوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر اُجاگر کیا گیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کولگام نے پنچایت سطح پر کھیل میدانوں کی ترقی ، نوجوانوں کی مصروفیت کو فروغ دینے اور صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی حوصلہ اَفزائی کے بارے میں معلومات فراہم کی۔ مزید برآں نوجوانوں میں منشیات کے اِستعمال کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے پنچایتی سطح پر منشیات کی لت سے نجات کے پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔میٹنگ کو مشن یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور تربیت دینے میں اَنٹرپرینیور شپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ ( اِی ڈی آئی ) کے اہم کردار کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مشن یوتھ کے اِستفادہ کنند گان اِی ڈی آئی کے دَس روزہ تربیتی پروگرام میں سکل ڈیولپمنٹ اور تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹس ( ڈی پی آرز) کی تیاری پر مشتمل جامع تربیت حاصل کرتے ہیں۔میٹنگ میں سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے اس بات پر زور دیا کہ مشن یوتھ جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو روزگار کے متلاشیوں سے روزگار فراہم کرنے والوں میں تبدیل کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بن گیا ہے۔










