بانڈی پورہ//مرکزی سیکرٹری ماحولیات و جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی لینا نندن نے آج بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور ولر کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی کی طرف سے شروع کئے جانے والے ولر جھیل کے تحفظی کاموں کا معائینہ کیا۔ مرکزی سیکرٹری کے ہمراہ محکمہ پرنسپل سیکرٹری جنگلات دھیرج گپتا، پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ ، چیف ایگزیکٹیوڈائریکٹر ڈبلیو یو سی ایم اے ، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد ، ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما، کوآرڈی نیٹر ڈبلیو یوسی ایم اے ، ڈی ایف او بانڈی پورہ اور ضلع کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔مرکزی سیکرٹری نے ولر کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی کی طرف سے کئے جارہے مختلف تحفظات اور ماحولیاتی سیاحتی کاموں کا معائینہ کیا۔چیف ایگزیکٹیو ڈائریکٹر(سی اِی ڈی ) ولر کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی ( ڈبلیو یو سی ایم اے) نے مرکزی سیکرٹری کو جھیل کے مختلف حصوں میں ڈریجنگ کے کاموں سمیت تحفظ میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ اِس کے علاوہ ولر کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میںبھی بتایا۔بتایا گیا کہ ڈریجنگ کا کام جھیل کے گہرے حصوں میں کیا گیا تھا جس کے تحت وولر ایکشن پلان کے تحت 3.10 مربع کلومیٹر کے رقبے کو ڈی سلٹ کیا گیا تھا۔ اِس طرح جھیل کے پانی کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔چیف ایگزیکٹیو ڈائریکٹرنے کیچ منٹ کنزرویشن ورکس ، بائیو ڈائیورسٹی کنزرویشن ورکس اور ایکو ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کے کاموں کی نوعیت کے بارے میں بتایا جو کہ ولر ایکشن پلان کے تحت جھیل کے اِرد گرد نان موٹرایبل روڈ ( پاتھ وے) کی تعمیر شامل ہے۔اَفسران نے کہاکہ ولر جھیل نہ صرف ضلع بلکہ پورے جموںوکشمیر یوٹی کا قیمتی اثاثہ ہے اور اگر یہاں کی سیاحت کو پوری طرح سے استعمال کیا جائے تو اِس سے ضلع کی مقامی آبادی کی سماجی و اِقتصادی حالت پوری طرح سے بدل جائے گی ۔ اُنہوں نے بتایا کہ جھیل میں مچھلیوں کے بہت بڑے ذخیرے کے علاوہ واٹر سپورٹس کی بھی بڑی صلاحیت موجود ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ ولر کے اَندر ایک جزیر ے پر گولف کلب بنانے کا بھی اِرادہ رکھتی ہے۔مرکزی سیکرٹری نے اَتھارٹی کے ذریعہ کئے گئے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ مرکزی حکومت نے جھیل کے تحفظ کو ترجیح دی ہے اور اِس جگہ کی وسیع ماحولیاتی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لانے پر توجہ دی ہے۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت جھیل کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے اور تمام ضروری کاموں کی خاطر مناسب فنڈ فراہم کرے گی۔










