راجناتھ سنگھ ،امت شاہ ،نرملا سیتا رمن اورنتن گڈکری بھی شامل ،30 اور 31 مئی کو بڈگام ضلع سے پروگرام کاآغاز
سری نگر//مرکزی حکومت نے مرکزی وزراء کے ذریعہ جموں و کشمیر کے مرکزی علاقے میں پبلک آؤٹ ریچ تھرڈ کا اعلان کیا جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری جیسی بڑی شخصیات سمیت تقریباً 70مرکزی وزراء شامل ہیں،جوعوام سے بات چیت کیلئے تمام 20 اضلاع کا دورہ کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں سرکاری ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ پبلک آؤٹ ریچ- IIIکے شیڈول کو وزیر اعظم کے دفتر اور مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت نے پیرکو یکم جون تک آؤٹ ریچ پروگرام کا شیڈول جاری کیا ہے جبکہ جون کے مہینے کیلئے پروگرام کو اگلے2دنوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔شیڈول کے مطابق، بندرگاہوں، جہاز رانی، آبی گزرگاہوں اور آیوش کے مرکزی وزیر سربانند سونووال31 مئی اور یکم جون کو جموں ضلع کا دورہ کریں گے جبکہ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا 26 اور 27 مئی کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) میں مرکزی وزیر مملکت اور سائنس اور ٹیکنالوجی، ارتھ سائنسز کی وزارت کے آزاد چارج کے ساتھ ریاستی وزیرڈاکٹر جتندرسنگھ30 اور 31 مئی کو بڈگام ضلع کا دورہ کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزراء کا دورہ پیر سے جمعہ تک ہوگا جبکہ جموں و کشمیر انتظامیہ پر دباؤ کم کرنے کیلئے ہفتہ اور اتوار چھٹی کے دن ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزراء عوام، پنچایتی راج اداروں (پی آر آئی) کے نمائندوں، پارٹی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور مرکزی معاونت والی اسکیموں (سی ایس ایس)، وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج (پی ایم ڈی پی) کے تحت کاموں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے زیر عمل منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ماہ مئی کے بقیہ دنوں میں، ایک وزیر جموں و کشمیر کا دورہ کرے گا، اگلے دنوں یعنی جون کے مہینے میں، ایک دن میں2سے3 وزراء مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔تمام 20 اضلاع پبلک آؤٹ ریچIII- جیسے آؤٹ ریچI-اور II کے تحت احاطہ کیے جائیں گے۔ وزراء تحصیل اور بلاکس کا بھی دورہ کریں گے۔تمام سینئر وزیر بشمول راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ، نرملا سیتارامن، نتن گڈکری اور دیگر بھی آؤٹ ریچ III پروگرام کا حصہ ہوں گے۔واپسی پرمرکزی وزراء اپنی رپورٹیں وزیر اعظم کے دفتر اور مرکزی وزارت داخلہ کو پیش کریں گے۔خیال رہے سال2020میں پہلا اورسال2021میں دوسرا پبلک آوٹ ریچ پروگرام ہواتھا،جس دوران بالترتیب36اور70مرکزی وزراء نے جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع کادورہ کرکے وہاں عوام سے تعمیراتی وترقیاتی اسکیموںکی عمل آوری کیساتھ ساتھ درپیش مسائل ومطالبات کے بارے میںبھی بات چیت کی تھی ۔










