جموں//مرکزی جوائنٹ سیکرٹری خوراک وعوامی تقسیم کاری محکمہ راجندر کمار جو’ جل شکتی مہم۔ کیچ دی رین 2024 ‘کے مرکزی نوڈل آفیسر بھی ہیں، نے آج ڈی سی آفس میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ اِس اقدام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے اور ’’ناری شکتی سے جل شکتی‘‘ کے موضوع کے تحت مستقبل کے اقدامات کی حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ میٹنگ کا مقصد بارش کے پانی کو جمع کرنے اور اس کے تحفظ کے مختلف اَقدامات پر عمل درآمد کو مربوط کرنا، دیرپایت کے ذرائع کا جائزہ لینا اور اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کا جائزہ لینا ہے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا، ایس اِی ہائیڈرولک بودھ راج، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ڈاکٹر وِکاس شرما، چیف پلاننگ آفیسر اتم سنگھ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈاکٹر راجیش کمار اور مختلف محکموں کے دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے اس اقدام کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کا تفصیلی بلاک وار تجزیہ پیش کیا جس میں ہر بلاک میں ہونے والی پیش رفت کو اُجاگر کیا۔ تبادلہ خیال میں گزشتہ مالی سال کی کامیابیوں اور رواں سال کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ جوائنٹ سیکرٹری نے منصوبے میں حاصل ہونے والی تمام کامیابیوں اور پیش رفت کے بارے میں سرکاری ویب پورٹلوں پر بروقت اپ ڈیٹس کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جل شکتی مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے مؤثرعمل آوری ، نگرانی اور دیگر سکیموں کے ساتھ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ کے بعد مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے میران صاحب اور آس پاس کے علاقوں کا دورہ کیا اور تالاب کی تعمیر اور محکمہ جل شکتی اور دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے پانی کے تحفظ کی کوششوں سمیت جاری جل شکتی کاموں کا جائزہ لیا۔مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کل ضلع کے مختلف بلاکوں میں فیلڈ وِزٹ اور زمینی جائزہ جاری رکھیں گے اور ’جل شکتی مہم ۔کیچ دی رین 2024 ‘اقدام کی مکمل نگرانی اور مؤ ثر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔










