محکمہ سیاحت نے پوری وادیٔ کشمیر میں عالمی یوم ماحولیات منایا

محکمہ سیاحت نے پوری وادیٔ کشمیر میں عالمی یوم ماحولیات منایا

شراکت داروں اور نوجوانوں کو محفوظ ماحول ،ذمہ دار سیاحت اور نازک ماحولیاتی نظام اور ماحول کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔سیکرٹری سیاحت

سری نگر//محکمہ سیاحت نے عالمی یوم ماحولیات پوری وادیٔ کشمیر میں مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منایا۔اِس برس کے جشن کی نمایاں خصوصیت صفائی مہم میں شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے متعلقہ گروپوں کے ساتھ اشتراک اور ان کی شمولیت سے ایک محفوظ اور ذمہ دار سیاحت کے لئے نازک ماحولیاتی نظام اور ماحول کو محفوظ رکھنے کے عہد کے ساتھ صفائی مہم، پودے لگانا، مصوری اور دیگر آرٹ کی نمائشوں، سائیکلنگ ایونٹوں اور مختلف مقامات پر نیچر واک کا اِنعقاد تھا۔اِس سلسلے میں اہم تقریبات سری نگر کے زبرون پارک ، نگین کلب ، پہلگام ، گلمرگ ، سونہ مرگ ، ویری ناگ ، اِیکو پارک بارہمولہ اور یوسمرگ ، دودھ پتھری اور اہرہ بل میں منعقد کی گئیں۔زبرون پاک میں بھارت سکائوٹس اینڈ گائیڈس کے جموں وکشمیر چپٹر اور مقامی شراکت داروں کے اِشتراک سے مرکزی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جنہوں نے جھیل ڈل کے پانی پر منعقدہ آرٹ مقابلے کے فاتحین میں اَنعامات تقسیم کئے ۔اِس موقعہ اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ محکمہ نے اِس برس سیاحتی شراکت داروں اور متعلقہ گروپوں کے ساتھ مل کر ماحولیات کا ہفتہ منانے کا سوچا ہے تاکہ اسے ایک عوامی تحریک بنایا جاسکے اور ماحول کوموجودہ دُور کے لئے ہی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں اور وقتوں کے لئے بچایا جاسکے ۔ اُنہوں نے کہاکہ سیاحتی مقامات کی نازک ماحولیات کو محفوظ رکھ کر ہم نہ صر ف خدمات فراہم کرنے والوں کی روزی روٹی کا تحفظ کرتے ہیں بلکہ اَپنی آنے والی نسلوں کے لئے ان سرسبز شاداب تحفوں کو بھی محفوظ رکھتے ہیں۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور محکمہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔اِس سے قبل سیکرٹری سیاحت نے گھاٹ نمبر 1 سے جھیل ڈل میں صفائی مہم کوہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ صفائی مہم کا اِنعقاد جھیل کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی ( ایل سی ایم اے ) اور ممبئی کے ایک گروپ کے اِشتراک سے کیا گیا جو نیچر کنزرویشن ، پلس سینچوری اور میک مائی ٹرپ فائونڈیشن کے لئے کام کر رہے ہیں۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے اِن آرگنائزیشنوں کے اَفسران اور نمائندوں کے ساتھ ژونٹ کل ، چنار باغ اور نہرو پارک سے ہوتے ہوئے جھیل ڈل کا چکر لگایا ۔ اُنہوں نے شراکت داروں اور این جی اوز کے گروپوں کا شکر یہ اَدا کیا جنہوں نے آج کی تقریب منانے کے لئے رضاکارانہ طورپر محکمہ کے ساتھ اشتراک کیا۔سیکرٹری سیاحت نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ وہ ان این جی اوز کے ساتھ نہ صرف ان تقریبات میںاشتراک کرے بلکہ سیاحتی مقامات کو صاف ستھرائی اور محفوظ رکھنے کے لئے اسے ایک باقاعدہ خصوصیت کے طورپر جاری رکھے۔ اُنہوں نے تمام وزیٹروں ، سیاحوں اور دیگر مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی قسم کا کوڑا کرکٹ بالخصوص پلاسٹک کا مواد جھیل ڈل یا سیاحتی مقامات پر نہ پھینکا جائے۔گلمرگ میں سیاحتی مقام پر شجرکاری مہم اور سائیکل سواری کے علاوہ بَوَل کے اَندر صفائی مہم چلائی گئی ۔سونہ مرگ میں آج سونہ مرگ کے گھاس کے میدانوں میں ایک بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا اِنعقاد کیا گیا ۔ یہ مہم سونہ مرگ مارکیٹ ، بس سٹینڈ اور فِش پوائنٹ سے گزری ہے۔ایس ڈی اے ہوٹیلیئر ایسو سی ایشن سونہ مرگ کے ملازمین ، دُکانداروں اور مقامی لوگوں نے اِس مہم میں حصہ لیا اور ان جگہوں سے پولی تھین ، پلاسٹک تھیلوں اور بوتلوں سمیت کوڑا کرکٹ کو جمع کیا جسے بعد میں سربل سونہ مرگ میں نصب سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ میںمناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے پھینک دیا گیا۔اِس دِن کی مناسب سے اِسی طرح کی تقریبات ویری ناگ ، اِیکو پارک ، بارہمولہ ، اہرہ بل اور دیگر مقامات پر منعقد کی گئیں جہاں محکمہ سیاحت کے اَفسران اور متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے نمائندوں اور مقامی سیاحتی شراکت داروں کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر صفائی مہم چلائی اور آرٹ کے مقابلے منعقد کئے اور سائیکلنگ ریلیاں نکالیں۔