نوشہرہ//محکمہ سماجی بہبود راجوری نے نوشہرہ میں ایک بیداری کم سکوٹی تقسیم کیمپ کا اِنعقاد کیا۔ اِس تقریب کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی جس کا مقصد استفادہ کنندگان کو بااِختیار بنانا اور خطے میں جامع ترقی کو فروغ دینا تھا۔نائب وزیر اعلیٰ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری دفاتر میں غیرجانبداری کی اہمیت پر زور دیا اور اَفسران سے لوگوں کی خدمت کے لئے جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ انفرادی تجاویز کے بجائے اِجتماعی ترقیاتی تجاویز پیش کریں اور یقین دِلایا کہ خطے میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ دورانِ کیمپ40 آیا خواتین کو محکمہ تعلیم میں جوائننگ لیٹر دیے گئے جب کہ 4 آنگن واڑی ہیلپروںکو اِنٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈِی ایس) ڈیپارٹمنٹ میںجوائننگ لیٹردئیے گئے۔ اِس کے علاوہ محکمہ سماجی بہبود کے استفادہ کنندگا ن میں 6 موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلیں (سکوٹیاں) تقسیم کی گئیں جس سے ان کی آواجاہی اور خودمختاری میں اضافہ ہوگا۔ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر راجوری نے نائب وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے تقریب میں شرکت کر کے شرکأ کی حوصلہ افزائی کی۔ بیداری کم سکوٹی تقسیم کیمپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، تحصیل دار نوشہرہ، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر، ایگزیکٹیو آفیسر میونسپلٹی نوشہرہ، سول سوسائٹی کے اراکین، آنگن واڑی ورکروں، اساتذہ،سماجی بہبود محکمہ کے اَفسران اور عام لوگوں نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر زائد اَز300 اَفراد موجود تھے۔یہ کیمپ فلاحی سکیموں سے متعلق بیداری پھیلانے اور ضروری خدمات کی دہلیز پرفراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا جس سے حکومت کے جامع ترقی، بااِختیاری اور ہمہ جہتی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ ہوا۔










