سرینگر// زراعت اور باغبانی کے شعبے کی ترقی کو مزید فروغ دینے کیلئے ایک تاریخی اقدام کے تحت جموں و کشمیر یو ٹی کے محکمہ زراعت ، سکم حکومت اور سکم یونیورسٹی نے آج زعفران کی تربیت ، ٹیکنالوجی ، صلاحیت سازی اور توسیعی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے ایک سہ فریقی معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ اس معاہدے پر آج سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر کے لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا اور سکم کے گورنر مسٹر گنگا پرساد کی موجودگی میں دستخط کئے گئے ۔ سکم کے گورنر مسٹر گنگا پرساد نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے محکمہ زراعت ، سکم حکومت اور سکم یونیورسٹی کو دونوں خطوں کیلئے زرعی باٖغبانی کے شعبے میں نئی شراکت داری کے آغاز پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ سکم میں زعفران کی پیداوار کیلئے کوششوں کو ایک نئی سمت دے گا اس کے علاوہ زعفران کی کاشت اور دیگر معتدل فصلوں کے متنوع پہلوؤں کی بہتر تفہیم پیدا کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کہا کہ یہ تاریخی تعاون وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی ’’ ایک بھارت ، شریشٹھ بھارت ‘‘ پہل کو تقویت دے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ تحقیق اور تکنیکی مداخلت ویلیو ایڈیشن اور سپلائی چین کے بنیادی ڈھانچے میں پائے جانے والے خلاء کو پُر کرے گی اور فصل کے بعد ہونے والے زیادہ نقصان کو کم کرنے میں مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علم کے تبادلے ، بہترین طریقوں اور تکنیکی مداخلت سے زراعت ، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں میں سماجی اور ماحولیاتی پائیداری اور اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے زرعی اصلاحات لانے اور کسان برادری کو زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کرنے کیلئے یو ٹی حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی ۔ گذشتہ دو برسوں کے دوران زرعی شعبے پر یو ٹی حکومت کی توجہ کا خاکہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدد اور قرض کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور جموں ڈویژن کے کنڈی علاقوں میں بھی چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی میں زرعی یونیورسٹیاں اصلاحات کو فروغ دینے اور زراعت اور باغبانی کے میدان میں تنوع کو فروغ دینے ، حل فراہم کرنے ، کسانوں کو مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہاتھ بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ سکم کے وزیر زراعت مسٹر لوک ناتھ شرما نے زراعت اور باغبانی کے شعبے کی ہمہ گیر ترقی کی طرف ایک اہم قدم اٹھانے کیلئے جموں و کشمیر حکومت ، سکم حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زراعت جموں و کشمیر مسٹر اتل ڈولو نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے زعفران کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کوششوں کے علاوہ سہ فریقی معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی ، محکمہ زراعت کی پیداوار اور کسانوں کی بہبود کی سیکرٹری محترمہ شبنم کاملی کے علاوہ جموں و کشمیر انتظامیہ ، سکم حکومت اور سکم یونیورسٹی کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔










