جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا کہ جموں و کشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ایس پی ڈِی سی) 2010 سے ہی اَپنے ملازمین کی ڈیپارٹمنٹل ترقیاتی کارروائی کر رہی ہے۔ وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی مظفر اقبال خان کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ اِنجینئرنگ اور اے جی ایم(فائنانس ) کے علاوہ دیگر زمروں کو ترقیاںاور گریڈز ریلیز دئیے گئے ہیں جن میںچیف جیولوجسٹ، کمپنی سیکرٹری، جیولوجیکل اسسٹنٹس، ٹیکنیشنز، فائنانس اسسٹنٹس اور کمپیوٹر آپریٹرز شامل ہیں ۔وزیر نے کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے کمپیوٹر آپریٹرز، جونئر اسسٹنٹس، سینئر اسسٹنٹس اور فنانس اسسٹنٹس کی ترقی میں کسی بھی زمرے کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ فائنانس اسسٹنٹس کی اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر (اے اے او) کی سطح پر ترقی کے لئے ایجنڈا 5/9 اگست 2024 کی ڈی پی سی میٹنگ میں زیر غور آیا تھالیکن جے کے ایس پی ڈِی سی کی طرف سے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے قواعد اور اُمیدواروں کی اہلیت میں عدم مطابقت کی وجہ سے مناسب سمجھا گیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری حاصل کی جائے تاکہ ان کی ترقی کے لئے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے قواعد میں درج ایس اے سی ۔اول اور ایس اے سی ۔دوم امتحانات کی شرط کو معاف کیا جائے۔وزیر نے کہا کہ اس معاملے کو بورڈ کے سامنے رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے پروموشن میں آسانی ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معلومات سے واضح ہے کہ ماضی میں غیر گزٹیڈ ملازمین کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں کیا جائے گابلکہ تمام کیڈروںکے خالی ترقیاتی کوٹہ اسامیوں کے مقابلے جہاں ملازمین متعلقہ سرکاری بھرتی قواعد کے تحت اہل ہیں، ترقیاتی کاروائی جلد شروع اور مکمل کی جائے گی۔










