power cut

ماہ مقدس میں بھی درگمولہ مقام شاہ ولی کپوارہ میں بجلی کا بحران

سحری اور افطاری کے وقت بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان

سرینگر // ماہ مقدس کے ان آخری ایام میں بھی ضلع کپوارہ کے درگمولہ ،مقام شاہ ولی اور اندرہامہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی نے مقامی لوگوں کو ذہنی و جسمانی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔سی این آئی نمائندے کے مطابق ماہ مقدس کے ان ایام میںسحری اور افطاری کے اوقات کپواڑہ کے درگمولہ مقام شاہ ولی اور اندرہامہ میں بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کو پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے نمائندہ کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران بھی بجلی کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بجلی فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو فیس کی ادائیگی کا کیا جواز بنتا ہے۔ مقامی لوگوں نے اس مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ عوامی نمائندوں، بالخصوص مقامی ممبر اسمبلی میر فیاض اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دیں اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کا جلد از جلد حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرے تاکہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عبادات اور روزمرہ کی ضروریات متاثر نہ ہوں۔