Gopalpura Kulgam

مئی کے مہینے میں کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے7واقعات

گوپال پورہ کولگام میں سانبہ جموںکی ہندئو خاتون ٹیچر ہلاک

رواں ماہ غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کی دوسری واردات،ملوث افراد کی کوجلدبے اثر کر دیا جائے گا:پولیس

سری نگر//رواں ماہ غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کی دوسری واردات میں مشتبہ جنگجوئوںنے منگل کی صبح جنوبی ضلع کولگام کے گوپال پورہ علاقے کے ایک ہائی اسکول میں رجنی بالا نامی ایک ہندئو خاتون ٹیچرکو گولیوں نشانہ بناکر موت کی نیندسلادیا۔خیال اسی طرح کے ایک واقعے میں12مئی کومشتبہ جنگجوئوںنے چاڈورہ بڈگام میں کشمیری پنڈت راہول بھٹ نامی ایک سرکاری ملازم بی ڈی ائودفتر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کی صبح تقریباً10بجے گوپال پورہ کولگام میں قائم ایک سرکاری ہائی اسکول سمیت پورے علاقے میں اُسوقت خوف وہراس کی لہردوڑ گئی ،جب نامعلوم اسلحہ بردار ہائی اسکول میں داخل ہوئے ،اوریہاں تعینات سانبہ جموں کی رہنے والی ایک ہندئو اُستانی پر گولیاں چلائیں ۔عینی شاہدین نے میڈیا کوبتایاکہ مشتبہ جنگجوئوںنے ہندئو خاتون ٹیچر کے سرمیں گولیاں ماردیں ،جسکے نتیجے میں مذکورہ ٹیچر خون میں لت پت وہیں گرپڑیں ۔ساتھی ٹیچر نے اس کواُٹھانے کی کوشش کی جبکہ اس دوران پولیس کومطلع کیاگیا۔گورنمنٹ ہائی اسکول گوپال پورہ کولگا م میں تعینات ٹیچر 36سالہ رجنی بالازوجہ راج کمار کو قریبی ضلع اسپتال کولگام لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا ۔پولیس ذرائع نے گوپال پورہ کولگام میں ایک غیر مقامی غیر مسلم خاتون ٹیچر کی ہلاکت کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سیکورٹی فورسز نے فوری طورپر اس پورے علاقے کامحاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ اس بھیانک دہشت گردی کے جرم میں ملوث افراد کی جلد شناخت کر کے انہیں بے اثر کر دیا جائے گا۔خیال رہے یہ رواں ماہ کسی غیر مسلم سرکاری ملازم کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے جبکہ مئی کے مہینے میں کشمیر میں ساتویں ٹارگٹ کلنگ ہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ رواں ماہ جنگجوئوںنے 7نہتے افراد بشمول تین پولیس اہلکاروںکوگولیوں کونشانہ بناکر جاں بحق کردیا۔دیگر مہلوکین میں پنڈت سرکاری ملازم راہول بھٹ کوچاڈورہ بی ڈی ائو دفتر ،حشرئو چاڈورہ میں خاتون آرٹسٹ امبرین بھٹ کوگھر کے اندر اوردیوان باغ بارہمولہ میں ایک شراب دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں راجوری کا ایک دکان ملازم شامل ہے ۔غورطلب ہے کہ پولیس حکام نے بارہمولہ گرینیڈ حملے کے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کادعویٰ کرنے کیساتھ ساتھ یہ بھی کہاکہ خاتون فنکارہ امبرین اورپولیس اہلکارریاض احمد کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹنٹوںکوالگ الگ جھڑپوںمیں ہلاک کردیاگیا۔