لیفٹیننٹ گورنر نے پی ٹی ایس منیگام گاندربل میں جموںوکشمیر پولیس کے

لیفٹیننٹ گورنر نے پی ٹی ایس منیگام گاندربل میں جموںوکشمیر پولیس کے

بی آر ٹی سی 16 ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی

گاندربل//لیفٹیننٹ گورنر نے گاندربل کے پولیس ٹریننگ سکول میں جموںوکشمیر پولیس کانسٹیبلوں کے بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس (بی آر ٹی سی )کے 16ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔پی ٹی ایس منی گام میں 86 خواتین سمیت کُل 438 بھرتیوں نے اَپنی سخت تربیت مکمل کی۔ اِن میں سے 211 بہادر کانسٹیبل پہلے ایس پی او کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوان ریکروٹوں کومادر وطن کی حفاظت کے لئے دیانت داری، محنت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔اُنہوں نے کہا،’’قوم جموں و کشمیر پولیس کی انمول قربانیوں کی شکر گزار ہے ۔ شہری پُرامن زِندگی گزار رہے ہیں اور آزادانہ کام کر رہے ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ ہماری پولیس فورس جانوں کی حفاظت ،دہشت گردی اور جرائم کا مقابلہ کرنے میںمضبوطی سے کھڑی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ جموں و کشمیر پولیس کی مثالی جرأت اور ان کی اعلیٰ بہادری لوگوں کو یقین دلاتی ہے کہ یو ٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ آج جموں و کشمیر پولیس فورس کو اس کی پیشہ ورانہ مہارت ، مستقل حوصلہ اور عزم کے لئے ملک بھر میں سراہا جاتا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر پولیس، فوج اور سی اے پی ایف دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پُرعزم ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’گزشتہ چندبرسوںمیں جموں و کشمیر پولیس فورس، فوج اور سی اے پی ایف وادیٔ کشمیر میں دہشت گردی کو کچلنے میں کامیابی حاصل کی ہے، تاہم صوبہ جموں میںدہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ہمارا عزم ہے کہ جموںوکشمیرکے دونوں صوبوں کو دہشت گردی سے پاک بنایا جائے۔‘‘

لیفٹیننٹ گورنر نے پولیسنگ کو نئی شکل دینے والی اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں پر زور دیا۔ اس لئے جموںوکشمیر پولیس فورس کو جدید ترین ٹیکنالوجی اَپنانے اور مؤثر کارروائیوں کے لئے ان کے اِستعمال کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ایک ایسے پولیس فورس کی ضرورت ہے جو مستقبل کے خطرات جیسے اُبھرتی ہوئی دہشت گردی اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لئے تیار ہو۔ ٹیکنالوجی کے تیز رفتار بدلاؤ کے پیش نظر ہمیں ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ کو اپنانا ہوگا تاکہ چیلنجوں کا مؤثر تجزیہ، جرائم کے رُجحانات کی نشاندہی اور تفتیش کے طریقۂ کار میں ضروری تبدیلیاں لائی جا سکیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے پاس آئوٹ ٹرینیز کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے دوران حاصل کی گئی مہارتیں، علم اور اقدار ان کے پیشہ ورانہ سفر میں مضبوط بنیاد فراہم کریں گی اور اور اِنتہائی حساسیت کے ساتھ اَپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گی۔اُنہوں نے کہا،’’مجھے یقین ہے کہ منیگام پولیس ٹریننگ سکول میں نئی بھرتی ہونے والے جوانوں نے صرف پیشہ ورانہ مہارت ہی نہیں بلکہ جرأت، بہادری، صبر، قربانی اور نظم و ضبط جیسے زندگی کے اعلیٰ اصول بھی سیکھے ہیں جو اُنہیں مستقبل کے تمام چیلنجوںسے نمٹنے کے قابل بنائیں گے۔‘‘ پرنسپل پی ٹی ایس منیگام زبیر احمد خان نے تربیتی پروگرام اور اس دوران ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے پریڈ کا معائینہ کیا اور سلامی لی۔ اُنہوں نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نئے بھرتی ہونے والوں کو بھی مُبارک باد دی۔اِس موقعہ پرنئے اہلکاروں کو ایمانداری اور لگن کے ساتھ فرائض کی اَدائیگی کا حلف دِلایا گیا۔اِس موقعہ پرڈِی جی پی نلین پربھات،چیئرمین و ایم ڈی پولیس ہائوسنگ کارپوریشن ایس جے ایم گیلانی، اَے ڈِی جی پی آرمڈآنند جین، ،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، ،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدوری ،آئی جی پی کشمیر ودھی کمار بردی،ضلع ترقیاتی کمشنرگاندربل جتن کشور، پولیس، سیکورٹی فورسز اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بھرتی ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ موجود تھے۔