لیفٹیننٹ گورنرسماجی تبدیلی کی خاطر ان کی مثالی وابستگی اور لگن کیلئے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارک باددی
نئی دہلی//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آئی ایچ سی نئی دہلی میں سماجی تبدیلی میں تبدیلی سازوں کے تعاون کو اعزاز دینے کے لئے چیتنا ایوارڈ ۔ 2022ء سے نوازا۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ایوارڈ یافتگان کو ان کی مثالی وابستگی اور بے لوث خدمات کی لگن پر مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہاکہ اِنڈیا کے بہترین اور سب سے زیادہ مستحق تبدیلی سازوں کو مبارک باد دینا ایک اعزاز ہے ۔ تعمیری سماجی کاموں کے لئے وقف یہ تمام مرد و خواتین قومی ترقی کے حقیقی ہیرو ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمارے سماجی شعبے کی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور دوسروں کو بالخصوص نوجوان نسل کو معاشرے کی بے لوث خدمت میں حصہ لینے کے لئے واقعی ترغیب دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے خدمات کی مؤثر فراہمی اور سماجی شعبے کی ترجیحات جیسے ماحولیات ، خواتین کو بااِختیار بنانے ، قبائلی بہبود اور عمر رسیدہ بالخصوص جسمانی طور خاص اَفراد کی دیکھ ریکھ کے لئے اِنتظامیہ اور رضاکارانہ شہریوں کے گروپ کے درمیان رابطہ کو مضبوط کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا ،’’ بے لوث خدمات ہمارے مستقبل کی کلید ہے ۔ قوم کی تعمیرمیں ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ترقی کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص غریب ترین غرباء میں یکساں طور پر تقسیم ہوں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامی مشینری سے مل کر کام کرنے والی رضاکار آرگنائزیشنوں اور اَفرادلوگوں کی زندگیوں میں اِنقلابی تبدیلیاں لانے ، معاشرے اور قومی ترقی میں کردار اَدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے حقیقی ہیروں کو عزت دینے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے گمنام ہیروں کو معاشرے میں نئی ترغیب کے طور پر متعارف کیا ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے تقریباً 32تبدیلی سازوں کو معاشرے کے لئے اَپنی مسلسل بے لوث خدمات اَنجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا۔اُنہوں نے کافی ٹیبل بُک کا عنوان ’’ چیتنا ہیروز ۔ سپریڈنگ گڈ نس ‘‘کا بھی جاری کیا اور نازیہ حُرا کا خصوصی تذکرہ کیا جو جموںوکشمیر کے بانڈی پورہ کی رہائشی ہے جو جسمانی طور خاص بچوں اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوںاور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہبود کے لئے کام کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اپنی ذاتی زندگی میں متعدد چیلنجوں کے باوجود نازیہ حُرا نے بانڈی پورہ اور گاندربل میں کم مراعات یافتہ لوگوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور دوسروں کو سیوا کے راستے پر چلنے کی ترغیب دینے میں کامیابی حاصل کی۔اُنہوں نے چیتنا ہیروز اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے تمام اَفراد پر زور دیا کہ وہ ایک بہتر اور نظام کی تشکیل کے لئے اِنتظامیہ کی خامیوں پر اَپنی قیمتی تجاویز دیں۔اِس موقعہ پر ارکان پارلیمنٹ کے جے الفونس اور لاکیٹ چٹرجی نے بھی خطاب کیا اور آج چیتنا ایوارڈ حاصل کرنے والے سبھی لوگوں کے سماج کے لئے بے لوث خدمت کے جذبے کی تعریف کی۔کے جے الفونس نے موجودہ لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے تحت جموںوکشمیر میں جاری بے مثال ترقیاتی کاموں کی سراہنا کی۔تقریب ایوارڈ میںمتعدد نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں نامور صحافی محترمہ اوشارائے ، بانی پرجیوتی فائونڈیشن ایس روی شرما ، پربھات کمار کے علاوہ چیتنا فائونڈیشن ٹیم ممبران شامل تھے۔










