لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ سیاحت کے نئے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی

لفٹینٹ گورنر نے 31 دسمبر تک ہوم اسٹیز کی گنجائش کو 25 ہزار بستروں تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا

سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نےراج بھون میں محکمہ سیاحت کے نئے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے ہوم اسٹے ، اہم سیاحتی مقامات پر خیمہ بستیوں کے قیام ، ایڈونچر سرگرمیوں ، ٹریکنگ کے نئے راستوں کی نشاندہی ، سرحدی سیاحت ،مختلف سطحوں پر صلاحیت سازی کے پروگرام کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ۔ یو ٹی میں ہوم اسٹے کو فروغ دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ تقریباً 800 ہوم اسٹے محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے سیکرٹری ٹورازم سرمد حفیظ کو ہدایت دی کہ وہ ان ہوم سٹیز پر رہنے والے سیاحوں کی تعداد کے بارے میں رپورٹ پیش کریں اور 31 دسمبر تک ہوم سٹیز کی گنجائش کو 25 ہزار بستروں تک بڑھانے کا ہدف مقرر کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ چونکہ گھریلو اور غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ بیک پیکرز میں گھریلو قیام اور خیمہ بستیہ کی رہائش مقبول ہو رہی ہے ۔ جموں و کشمیر یو ٹی حکومت قدرتی مقامات پر خیمہ قیام کو فروغ دینے کی کوششیں کر رہی ہے جو سیاحت کی صنعت کو تیزی سے ترقی دے گی ۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت سرمد حفیظ نے محکمہ سیاحت کی جانب سے نشاندہی کردہ 75 آف بیٹ مقامات کیلئے ایکٹیویٹی پلان پر تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے سرگرمیوں کے علاوہ عوامی سہولتوں ، یوٹیلیٹیز ، پارکنگ کی سہولیات ، صفائی کی سہولیات ، ٹائلٹ یونٹس کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ وویک بھردواج ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار اور دیگر اعلیٰ حکام نے میٹنگ میں شرکت کی ۔