لیفٹیننٹ گورنر نے شری اَمرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے شری اَمرناتھ جی یاترا کے لئے محکموں اور متعلقہ ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری جل شکتی محکمہ شالین کابرا ، سی اِی او اَمرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، جی او سی 15کور لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، ایس اے ایس بی اور بی آر او کے سینئر اَفسران اور ٹیلی کمیونکیشن سروس فراہم کرنے والوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بی آر او کے ذریعے یاترا ٹریکس کی اَپ گریڈیشن کے کام، تمام کمزور حصوں پر حفاظتی ریلنگ کی تنصیب ، برف کی صفائی ، آرمی ٹینٹ کی تنصیب اور ٹیلی کمیونکیشن کنکٹویٹی کو مضبو ط کرنے کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو ہدایت دی کہ نیٹ ورک کنکٹویٹی کو بڑھایا جائے اور یاترا کے راستے میں بینڈ وڈِتھ کو بڑھایا جائے۔اُنہوں نے محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول سے کئے گئے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کے آغاز سے قبل تمام متعلقہ کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اعلیٰ وسائل کو متحرک کرنے او راَفرادی قوت بڑھانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ ڈاکٹر راگھو لنگر ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سیّد فخرالدین حامد ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ اَفسران نے بھی شرکت کی۔