آج ہمارے نوجوان ہندوستان کی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک عالمی اِقتصادی طاقت کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جے اے کے ایل آئی رجمنٹل سینٹر رنگریٹھ میں خصوصی نیشنل اِنٹگریشن کیمپ میں نیشنل کیڈٹ کور کے کیڈٹوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی۔این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموںوکشمیر اور لداخ ’’ ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر زیر اِنعقاد کیمپ میں پورے ہندوستان سے 200کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کیڈٹوںسے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کیڈٹ کور کو قوم کی تعمیر اور نوجوانوں میں بے لوث خدمات کے لئے قائدانہ معیار ، کردار اور اَقدار کو فروغ دینے پر مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا،’’ 75سال نیشنل کیڈٹ کور کے لئے کامیابیوں کی ایک ناقابل یقین میراث ہے ۔ ایک مضبوط نوجوان تنظیم کا خواب جو ملک نے 1948ء میں اس تنظیم کی بنیاد کے دوران دیکھا تھا ، نسلوں کو متاثر کرتا رہتا ہے اور یہ پورے معاشرے کے لئے طاقت کا ذریعہ ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے حصہ لینے والے کیڈٹوںپر زور دیا کہ وہ نئے اور پُر جوش جموںوکشمیر کے سفیر بنیں ۔اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ 75برسوں میں کیمپوں اور ملک کے مختلف حصوں میں بے لوث خدمات سے این سی سی نے دُنیا کو دِکھایا ہے کہ تنوع معاشرے کی طاقت کا ذریعہ ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج ہمارے نوجوان ہندوستان کی تبدیلی میں کلیدی کردار اَدا کر رہے ہیں جو ایک عالمی اِقتصادی طاقت بن کر اُبھر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان قوم کے تئیں اَپنی ذمہ داریوں کو سمجھ رہے ہیں اور مثالی ہمت اور عزم سے سماجی مساوات کو مضبوط کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ این سی سی سماج کے بہتر مستقبل کی داستان رقم کر رہا ہے ۔مجھے یقین ہے کہ کیڈٹوں کے بے اِنتہا صلاحیتوں ، توانائی اور اَقدار کی بدولت چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم ہونے میںمدد ملے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموںوکشمیر اور لداخ کو خصوصی نیشنل اِنٹگریشن کیمپ کے اِنعقاد کے لئے سراہا تاکہ کثرت میں وحدت اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے جموںوکشمیر میں این سی سی کیڈٹوںکی طاقت بڑھانے میں این سی سی ڈائریکٹوریٹ کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کثرت میں وحدت کے جذبے کو منانے والے کیڈٹوں کی بہترین پرفارمنس کو خصوصی طور پر سراہا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ جنرل جی او سی 15کور راجیو گھئی ، میجر جنرل آر کے سچدیوا ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں وکشمیر اور لداخ بریگیڈئیر کے ایس کلسی ، گروپ کمانڈر این سی سی گروپ سر ی نگر اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










