لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں ’ سیوا پَرو‘ تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں ’ سیوا پَرو‘ تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں 17 ؍ستمبر سے 2 ؍اکتوبر 2025 ء تک یونین ٹیریٹری میں منعقد ہونے والے ’سیوا پَرو‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شانت منو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایگری کلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ شیلندر کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں، صوبائی کمشنروں، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت، کمیونٹی کی شراکت اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے کے لئے تیار کردہ سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ ’سیوا پَرو‘ کی تقریبات وِکست بھارت اور وِکست جموں و کشمیر کے تئیں عزم کی عکاسی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری توجہ صرف نمائشی سرگرمیوں پر نہیں بلکہ ٹھوس نتائج پر ہونی چاہیے۔ سینئر اَفسران کو رول ماڈل بن کر ان کوششوں کی قیادت کرنی ہوگی۔ ہر محکمہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرگرمیاں ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہوں۔اُنہوں نے محکموں کو ہدایت دی کہ تمام محکمے فلیگ شپ سکیموں کی کوریج میں موجود خلا کی نشاندہی کریں اور ان کے مکمل عمل آوری کے لئے مخصوص کوششیں کی جائیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ضلعی،صوبائی اور محکماتی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا ایک مؤثر نظام بھی قائم کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کی لت سے نجات، آفاتِ سماوی سے متعلق بیداری مہمات اور عوامی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی کیمپوں کو’ سیوا پَرو‘ کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ محکمے اپنی منتخب کردہ سرگرمیوں کے لئے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کریں اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے اُن کی نگرانی کی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلبأ کو شہری ذمہ داریوں اور اہم قومی و سماجی امور سے آگاہ کرنے کے لئے یوتھ پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارموں کے استعمال پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف دینا، عوام میں حفظانِ صحت کے فروغ دینا، سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی اور معمر، غریب و معذور افراد کی فلاح کو بھی ترجیحی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے مہاتما گاندھی پر مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ’سیوا پَرو ‘کی رہنما اَقدار عوامی خدمت، کمیونٹی کی شراکت اور شمولیتی طرز ِحکمرانی ہیںجن کا مقصد یہ ہے کہ ہر آواز سنی جائے اور ہر طبقہ ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو۔’سیوا پَرو‘ کی تقریبات کو صفائی مہمات و ماحولیاتی سرگرمیاں،تعلیم پر مبنی اقدامات،بزرگوں اور پسماندہ طبقات سے روابط،صحت و غذائیت کی مہمات، بیداری و استعداد سازی ورکشاپس،ثقافتی سرگرمیاں،عوامی رسائی مہمات کے موضوعات سے جوڑا جائے گا۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ’ سیوا پَرو ‘کے دوران ایک مخصوص آن لائن پورٹل استعمال کیا جائے گا تاکہ رابطہ کاری، بروقت نگرانی اور شفاف رپورٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر کو 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2025 تک منعقد کی جانے والی ’سوست ناری، سشکت پریوار ابھیان‘ مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس میں خواتین کی صحت اور بااختیار بنانے پر خاندان اور کمیونٹی کی ترقی کی کلید پر زور دیا گیا۔